آملہ دماغی امراض کیلئے اکسیر✍️ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی رحیمی شفا خانہ بنگلور
آملہ بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا او ران کو سفید ہونے سے روکتا ہے
آملہ مشہور پھل ہے ۔ عناب سے لے کر اخروٹ کے برابر بلکہ اس سے بھی بڑا ہوتا ہے۔ بنارسی آملے کافی بڑے ہوتے ہیں جو زیادہ تر مربا ڈالنے کے کام آتے ہیں۔ آملے کا درخت ہندوستان کے تمام گرم تر علاقوں میں خود رو ہوتا ہے۔ اور اس کو بو یا بھی جاتا ہے۔ کوہ ہمالیہ کے دامن میں جموں سے مشرق کی طرف اور نیچے لنکا تک ہوتا ہے۔
درخت درمیانے قد کا اور خوبصورت ہوتا ہے۔ خزاں میں پتے جھڑجاتے ہیں اس کے پتے ببول (کیکر) کے پتوں کی طرح چھوٹے اور ہلکے سبز رنگ کے ہوتے ہیں۔ اس کے پھول سنہری مائل زرد رنگ کے ہوتے ہیں جس کے اندر چھے پھانکیں ہوتی ہیں۔ ان کے اندر ایک مثلث (تکونی) شکل کی گٹھلی ہوتی ہے جس کو توڑنے پر اندر تین خانے ہوتے ہیں اور ہر خانے میں دو بیج ہوتے ہیں ۔ اس کا گودا کسیلا اور ترش وتیزابی ہوتا ہے۔زیادہ تر آملے کے پھل دوا کے کام میں آتے ہیں۔ دوا کی صورت میں تازہ آملہ مربے کی شکل میں بکثرت استعمال کیا جاتا ہے۔
خشک آملہ بھی مرکب دوائوں میں بکثرت استعمال ہوتا ہے ۔ تازہ آملے کا اچار بھی ڈالتے ہیں۔آملے کے درخت کی چھال میں بھی آملے کے پھل کی سی تایثر ہوتی ہے۔ چھال سے ایک جو ہر تیار کیا جاتا ہے جو نہ صرف دوائوں میں کام آتا ہے ، بلکہ اب اس جوہر کو آملے کے بجائے رنگ سازی کی صنعتوں میں بھی استعمال کیا جاتا ہے ۔ تجربے سے ثابت ہوا ہے کہ آملے کے پیڑ کی چھوٹی چھوٹی ٹہنیاں اور اس کی لکڑی کے چھوٹے موٹے ٹکڑے اگر میلے پانی میں ڈال دیئے جائیں تو دو ایک دن میں وہ پانی بالکل صاف ہوجاتا ہے۔ چنانچہ اب کنویں کا وہ حصہ جو لکڑی سے بنا ہوا ہوتا ہے۔
(چک) آملے کی لکڑی ہی سے بناتے ہیں۔آملے کا تازہ رس سرد، تازگی بخش ، مدر بدل (پیشاب لانے والا) ملین (قبض کو توڑنے والا) اور مقوی قلب ہوتا ہے۔ آملہ اور اس کا مربہ دل کی کمزوری ، گھبراہٹ، خفقان ، ہول دل) اور مالیخولیا (وہم اور وسوسہ) کی خاص دوا ہے۔ دماغ اور بصارت (نگاہ) کو طاقت دیتا اور ذہن وحافظے کو بڑھاتا ہے۔
معدے اور آنتوں کی ساخت کو مضبوط کرتا ہے ۔ صفرا اور خون کے جوش کو تسکین دینے ، دستوں کو روکنے اور پیاس بجھانے کے لئے بھی دیا جاتا ہے۔ آملے میں ایک قابض جز کافی مقدار میں ہوتا ہے۔گرمی سے جو دست آتے ہیں آملہ ان کو روکتا ہے اور جو قبض آنتوں کے ڈھیلے ہوجانے کی وجہ سے ہوتا ہے اس کو آملہ رفع کرتا ہے۔یعنی آنتوں کوسکیڑ کر فضلے کو نیچے کی طرف ڈھکیلتا ہے جس کی وجہ سے قبض رفع ہوجاتا ہے اس کا یہ عمل بھی آملے کی قوت قابضہ ہی کا نتیجہ ہوتا ہے۔
Join Urdu Duniya WhatsApp Grouphttps://chat.whatsapp.com/DYz0EGs75mn1TVvHtOaRiJhttps://play.google.com/store/apps/details?id=com.urdu.urduduniya |
نمبر۱:جدید تحقیقات کی رو سے آملے میں حیاتین (وٹامن سی) سنترے اور نارنگی سے بھی زیادہ پائے جاتے ہیں اس لئے یہ جسم کی پرورش کے لئے نہایت کار آمد پھل ہے اور مرض اسکروی میں اس کا استعمال خصوصیت کے ساتھ بہت مفید ہے۔ مرض اسکروی ایک بیماری ہے جس میں مسوڑے پلپلے ہوجاتے ہیں اور ان سے خون بہتا ہے اس کے علاوہ اور بھی تکلیف دہ علامات رونما ہوتی ہیں۔
نمبر ۲:چکر آنے میں بھی مفید ہے آنولہ 10گرام ، دھنیا 10گرام دونوں کو رات کے وقت پانی میں بھگودیں۔ صبح کو پانی چھان کر مصری یا شکر ملاکر پئیں چند روز کے استعمال سے فائدہ ظاہرہونے لگتا ہے۔
نمبر۳:گرمیوں میں جب پیاس بہت ستاتی ہو، خون کے اندر تیزی یا صفرا کا غلبہ ہو تو50؍گرام خشک آملے لے کر ایک برتن میں ڈال کے پانی بھرکر رکھ چھوڑیں اور جب پیاس لگے یہی پانی پئیں، پیاس دور ہوجائے گی، گرمیوں میں دودھ پیتے بچوں کو دست آنے لگتے ہیں اور پیاس بہت لگتی ہے ، انہیں آملوں کا پانی پلانا بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔
نمبر۴:آملہ نکسیر کو روکتا ہے اگر کسی شخص کی بار بار نکسیر پھوٹتی ہو اور کسی تدبیر سے بند نہ ہو تی ہو تو اوپر کے طریقے سے آملے کا پانی پلائیں، او رآملوں ہی کو پیس کر تالو او رناک پر لیپ کریں، نکسیر بند ہوجائے گی۔
نمبر۵: اگر پیشاب پاخانے کے راستے خون جاری ہو تو10گرام آملہ پانی میں پیس چھان کر مصری یا شکر ملاکر پلانے سے بند ہوجاتا ہے۔دستوں کو روکنے اور معدے کو قوت دینے کے لئے آملوں کو تھوڑی دیر پانی میں بھگورکھنے کے بعد پیسیں اور تھوڑا نمک ملاکر جنگلی بیر کے برابر گولیاں بنائیں ایک ایک گولی صبح وشام کھلائیں۔
نمبر۶: آملہ ذیابیطس کو دور کرتا ہے آملہ خشک اور مغز تخم جامن برابر وزن لے کر سفوف بنائیں اور یہ سفوف پانچ پانچ گرام پانی سے کھلائیں۔
نمبر۷: آملہ بالوں کی جڑوں کو مضبوط کرتا او ران کو سفید ہونے سے روکتا ہے اسی غرض سے آملے کو پانی میں پیس کر بالوں کی جڑوں میں لگاتے ہیں۔تازہ آملوں کو پانی میں بھگوکر اس سے بالوں کو دھوتے ہیں اور اس کا تیل بناکر بالوں میں لگاتے ہیں بال گھنے اور لمبے ہوجاتے ہیں۔
نمبر ۸: آملہ کی چٹنی ہاضمہ درست کرتی ہے حسب ضرورت آملہ اور اس سے آدھی مقدار میں پودینہ لیں، کالی مرچ اور نمک زیرہ حسب ذائقہ ڈال کر پیس لیں نہایت ذائقہ دار چٹنی تیار ہوگی جو روٹی کے ساتھ کھانے پربہت جلد کھانا ہضم کردے گی۔



