بین الاقوامی خبریں

برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس نے حلف اٹھا لیا- آنجہانی ملکہ کے نقش قدم پر چلنے کے عزم کا اظہار

لندن،10ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس سوم نے با ضابطہ طورپر بادشاہت کا حلف اٹھا لیا۔ لندن کے سینٹ جیمز پیلس میں ہونے والی تقریب میں برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم نے باضابطہ حلف اٹھا لیا۔ نئے برطانوی بادشاہ کی تقریب حلف برداری میں ان کی اہلیہ ملکہ کیمیلا اور بڑے بیٹے شہزادہ ولیم نے بھی شرکت کی۔بادشاہ چارلس نے حلف اٹھانے کے بعد حلف کے دستاویزات پر دستخط کئے۔ تقریب میں 200 اہم شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ چارلس ملکہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد بادشاہ کے منصب پر فائز ہوئے ہیں۔برطانیہ کے نئے بادشاہ چارلس نے تقریب حلف برداری سے خطاب میں اپنی آنجہانی والدہ ملکہ برطانیہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے اپی شریک حیات ملکہ کیمیلا کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

برطانیہ کی ملکہ الزبتھ دوم گزشتہ روز96 سال کی عمرمیں انتقال کرگئی تھیں۔ برطانیہ نئے بادشاہ چارلس سوم نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا ہے کہ وہ اپنی آنجہانی ماں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے برطانیہ اور دولت مشترکہ کی طویل عرصے کے لیے خدمات کا عزم کرتے ہیں۔ نئے برطانوی بادشاہ نے مزید کہا کہ میں اس موقع پر اپنے اجنبی ہو جانے والے چھوٹے بیٹے اور اس کی اہلیہ میگھن کے لیے محبت کے جذبات رکھتا ہوں۔ شاہ چارلس نے مزید کہا کہ اب جبکہ کامیلا ملکہ کی بہن بن گئی ہیں تو ہیری میری محبوب بیوی اور ملکہ کامیلا کی محبت پر اعتماد کر سکتا ہے۔

عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا ‘وہ عوام کے اس بے پایاں دکھ میں شریک ہیں، جو ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کی وجہ سے ہوا ہے۔ واضح رہے شاہ چارلس کی والدہ اور ملکہ برطانیہ نے 96 سال کی عمر تک پہنچ کر 70 برس تک تاج برطانیہ اپنے سر پر سجائے رکھا۔ اس موقع پر میں آپ سب سے وعدہ کرتا ہوں کہ میں آپ کے لیے تاحیات خدمت کی تجدید کروں گا۔ جیسا کہ خود ملکہ برطانیہ نے طویل ترین عرصہ تک کیا اور قوم کی خدمت کے لیے خود کو وقف کیے رکھا۔ میں خود کو وقف کرتا ہوں خداوند نے جب تک اس خدمت کا وقت دیا۔

میں اپنی قوم کے دل میں آئینی اصولوں کو برقرار رکھنے کی کوشش کروں گا۔ شاہ چارلس سوم نے اپنے والدہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میری بہت پیاری ماں تم اب میرے آنجہانی باپ کے پاس چلی گئی ہو۔ میں آپ دونوں کے لیے بس اتنا کہنا چاہوں گا آپ دونوں کا شکریہ ۔خیال رہے ملکہ الزبتھ دوم کے وارث کے طور پر چارلس ڈیوک آف کورنوال اور ڈیوک آف روتھسے اسکاٹ لینڈ تھے۔

اب یہ دونوں لقب شہزادہ ولیم کو فوری طور جمعرات کے روز ہی منتقل ہو گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج فخر محسوس کرتا ہوں کہ اسے پرنس آف ویلز مقرر کر رہا ہوں۔ شاہ نے شہزادہ ولیم کی اہلیہ کتھرین کو بھی شہزادی کہا۔اس موقع پر چارلس سوم نے کہا کہ میری والدہ کو ہمیشہ کے آرام کے لیے الوداع کرنے کے لیے بطور قوم ، بطور دولت مشترکہ اور بطور عالمی برادری اکٹھے ہوں گے۔ خیال رہے کہ اب تک اندازے کے مطابق ملکہ کی تدفین 19ستمبر ہو گی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button