
ممبئی:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)’ہاتھ میں پام پام لے کر لڑکوں کے لیے چیخنا، وہ میرا سٹائل نہیں ہے۔ وہ میرے لیے چلائیں، سیٹی بجائیں۔۔۔‘یہ فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی اِیئر‘ کی شنایا سنگھانیہ یعنی عالیہ بھٹ کا ڈائیلاگ تھا۔ فلم میں شنایا کالج میں پڑھنے والی ایک امیر لڑکی ہیں جس کی زندگی ڈیزائنر کپڑوں، مہنگی گاڑیوں، اعلیٰ طرز زندگی اور ان کے بوائے فرینڈ کے گرد گھومتی ہے۔
عالیہ بھٹ نے جب دس سال قبل 2012 میں اسٹوڈنٹ آف دی اِیئر میں ڈیبیو کیا تھا تو بہت کم لوگوں نے ’اسٹار کِڈ‘ عالیہ کو سنجیدگی سے لیا تھا۔ اگر آپ تبصرے پڑھتے ہیں تو اُن کے بارے میں کچھ ایسا لکھا گیا تھا کہ ’عالیہ بھٹ میں اداکاری کی مہارت نہیں ہے۔‘
یا ان کی تعریف اس طرح کی گئی تھی کہ ’عالیہ اپنی خوبصورتی اور اداؤں کے لیے جانی جاتی ہیں۔‘لیکن عالیہ کی اداکاری کے بارے میں کچھ خاص نہیں کہا گیا۔ پھر 2014 میں فلم ’ہائی وے‘ ان کی پہلی فلم کے صرف دو سال بعد آئی۔فلم میں ویرا (عالیہ بھٹ)، جو ایک امیر اور خوشحال گھرانے کی پیاری بیٹی ہیں، کو اغوا کر لیا جاتا ہے۔ اغوا کار (رندیپ ہوڈا) جو کہ تین افراد کا قاتل ہے انھیں لے کر ایک طویل سفر پر نکلتا ہے اور اس کی قید میں ویرا اپنے اور اپنی زندگی کے سوالوں کے جواب تلاش کرنا شروع کر دیتی ہیں اور پھر کئی تلخ سچائیاں سامنے آتی ہیں۔
اداکارہ، پروڈیوسر، بزنس وومن عالیہ
فلم ‘ہائی وے’ میں نامعلوم راستوں پر چلنے کا حوصلہ دکھانے والی عالیہ آج انڈین فلم انڈسٹری کی بہترین اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔ اور اب فلم ‘ڈارلنگز’ سے وہ پروڈیوسر بھی بن گئی ہیں۔اب تک عالیہ نے چار فلم فیئر ایوارڈز جیتے ہیں، وہ فوربز انڈیا 100 کی فہرست میں شامل ہیں اور بچوں کے لباس کی ایک کمپنی کے ساتھ کاروباری خاتون بھی ہیں۔اور اب عالیہ ماں بھی بننے والی ہیں۔ عالیہ نے سٹوڈنٹ آف دی اِیئر سے ’براہمسترا‘ تک کا سفر طے کیا ہے۔
29 سالہ عالیہ کے ساتھ ’ڈارلنگز‘ میں کام کرنے والی اداکارہ شیفالی شاہ کہتی ہیں کہ ’جب میں نے عالیہ کے ساتھ کام کیا تو میں حیران تھی کہ وہ کتنی تجربہ کار ہے اور اپنے کام میں کتنی حیرت انگیز ہے۔‘’عالیہ ڈارلنگز کی پروڈیوسر بھی ہیں۔ لیکن جب وہ سیٹ پر ہوتیں تو پروڈیوسر کا چہرہ غائب ہو جاتا۔ وہ صرف ایک اداکارہ کے طور پر نظر آتی تھیں۔‘بطور اداکارہ عالیہ کے کام کو دیکھتے ہوئے کہا جا سکتا ہے کہ جہاں انھوں نے رومانوی اور کامیڈی فلمیں کیں، وہیں منفرد فلمیں بھی کیں۔ ان کی حقیقی زندگی اور پس منظر بھی منفرد رہا ہے۔
بالی ووڈ میں عالیہ کا سفر
1999- سنگھرش (چائلڈ آرٹسٹ)
2012- اسٹوڈنٹ آف دی ایئر
2014 – ہائی وے (فلم فیئر کریٹکس ایوارڈ)
2016- اڑتا پنجاب (فلم فیئر ایوارڈ)
2018- رازی (فلم فیئر ایوارڈ)
2019 – گلی بوائے (فلم فیئر ایوارڈ)
2022- گنگو بائی کاٹھیاواڑی۔
2022- ڈارلنگز (پروڈیوسر)



