قومی خبریں

سونالی پھوگاٹ قتل کیس کی تحقیقات کے لیے سی بی آئی کی ٹیم گوا پہنچی

پنجی؍نئی دہلی ، 16 ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)سی بی آئی کی ایک ٹیم جمعہ کو دہلی سے بی جے پی لیڈر سونالی پھوگاٹ کے قتل کیس کی تحقیقات کے لیے گوا پہنچی۔ گزشتہ ماہ سونالی پھوگاٹ کی پراسرار حالات میں موت ہو گئی تھی۔ ایک سینئر افسر نے بتایا کہ سی بی آئی کی ٹیم انجونا پولیس اسٹیشن اور شمالی گوا میں کیس سے متعلق دیگر مقامات کا دورہ کرے گی۔گوا پولیس نے اب تک اس معاملہ میں پانچ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔

دو افراد کو قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ تین دیگر کو نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکو ٹراپک سبسٹینس (این ڈی پی ایس) ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس افسر نے کہا کہ کیس سے متعلق تمام دستاویزات سی بی آئی کو سونپے جائیں گے۔حکام کے مطابق ہریانہ کے حصار کے رہنے والے پھوگاٹ کو 22-23 اگست کی درمیانی شب گوا کے ایک اسپتال میں مردہ لایا گیا تھا۔ اس سے پہلے انہوں نے انجونا بیچ پر واقع کرلیز ریستوراں میں ایک لمبی پارٹی کی۔ سی بی آئی نے اس معاملہ کی تفتیش اپنے ہاتھ میں لے لی ہے اور گوا پولس کی ایف آئی آر دوبارہ درج کی ہے۔ عہدیداروں نے جمعرات کو کہا کہ سی بی آئی نے وزارت داخلہ کے ایک حوالہ پر گوا پولیس کی ایف آئی آر دوبارہ درج کی ہے۔سی بی آئی کی ٹیم سی ایف ایس ایل کے ماہرین کے ساتھ گوا پہنچی ہے اور وہاں دستاویزات جمع کرے گی۔

سی بی آئی کی ٹیم مقامی پولس حکام اور ڈاکٹروں سے بات چیت کرے گی جنہوں نے سونالی پھوگٹ کو ہسپتال لانے کے بعد ان کا معائنہ کیا۔ گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر پھوگاٹ کی موت کی سی بی آئی جانچ کی درخواست کی تھی، جس کے بعد وزارت نے معاملہ سی بی آئی کو سونپ دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button