قومی خبریں

جعلی پاسپورٹ ویزا گینگ کا پردہ فاش، 26 ممالک کے ویزے برآمد

نئی دہلی، 19ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کے اندرا گاندھی ایئرپورٹ تھانے کی پولیس کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے اس گروہ کا پردہ فاش کیا ہے،جو جعلی پاسپورٹ اور ویزے بنا کر لوگوں کو چونا لگاتاتھا، اس سے وابستہ تین افراد کو گرفتار کرلیاگیاہے۔دہلی پولیس نے بتایا کہ گرفتار افراد سے 12 ہندوستانی پاسپورٹ، 7 نیپالی پاسپورٹ اور 35 سے زائد ممالک کے پی آر کارڈ، 26 ممالک کے ویزے، 2000 خالی ویزے،خالی سی ڈی سی اور 165 جعلی ڈاک ٹکٹ برآمد ہوئے ہیں۔ یہی نہیں پولیس کے مطابق ان سے مختلف ممالک کے ویزے بنانے کے لیے 127 رنگ، ویزہ ہولوگرام اور امیگریشن مہریں بھی برآمد ہوئیں۔

دہلی پولیس نے کہا کہ کچھ طلبا کے ذریعہ انہیں شکایت ملی تھی۔ ان طلباء نے پولیس کو دی گئی شکایت میں بتایا تھا کہ انہوں نے سوشل میڈیا کے ذریعے ان نوجوانوں سے بات چیت کی تھی جس کے بعد انہوں نے 5 طلبا کے لیے آسٹریلیا کے ویزوں کے لیے ان نوجوانوں سے رابطہ کیا تھا۔اس گینگ نے ویزے دینے کے عوض طلبا سے 18 لاکھ روپے لئے تھے لیکن بعد میں ایمبیسی سے پتہ چلا کہ یہ ویزے جعلی ہیں۔ اس شکایت کے بعد آج پولس نے کارروائی کرتے ہوئے اس گینگ کے ارکان کو گرفتار کرلیا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button