نیویارک، 30ستمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)خدشہ ہے کہ امریکی تاریخ میں یہ مہلک ترین سمندری طوفانوں میں سے ایک ہو سکتا ہے۔ صدر جو بائیڈن فلوریڈا کا دورہ کرنے کی تیاری کر رہے ہیں جب کہ طوفان کے شدید ہونے سے متعلق نئی وارننگ بھی جاری کی گئی ہے۔امریکی صدر جو بائیڈن نےکہا کہ وہ سمندری طوفان ایان کے تناظر میں ریاست فلوریڈا کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔ وہ واشنگٹن میں فیڈرل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی (ایف ای ایم اے) کے ہیڈ کوارٹر میں بات کر رہے تھے۔ یہی ادارہ اس تباہ کن طوفان کے لیے وفاقی رد عمل کا اہتمام کر رہا ہے۔اس طوفان نے جنوبی جزیرہ نما ریاست فلوریڈا کے ایک بڑے حصے کو تباہ کر کے رکھا دیا ہے۔
صدر جو بائیڈن کا کہنا تھا کہ جب حالات اجازت دیں گے تو میں فلوریڈا جاؤں گا۔ گزشتہ ہفتے سمندری طوفان فیونا نے پورٹو ریکو کے علاقے میں تباہی مچائی تھی اور وہ اس علاقے کا بھی دورہ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ فلوریڈا کی تاریخ کا سب سے ہلاکت خیز سمندری طوفان ہو سکتا ہے۔ ابھی تک تعداد واضح نہیں ہے، تاہم ہمیں ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ وہاں اچھا خاصہ جانی نقصان بھی ہو سکتا ہے۔اب تک طوفان سے کم از کم چھ اموات کی اطلاع ملی ہے، لیکن اس تعداد میں اضافے کی امید ہے کیونکہ امدادی کارکن متاثرہ علاقوں میں ابھی پہنچ رہے ہیں۔
سمندری طوفان ایان، حالیہ دنوں میں امریکہ میں آنے والے سب سے طاقتور طوفانوں میں سے ایک ہے۔ اس کی وجہ سے گھروں میں پانی بھر گیا ہے، سڑکیں اور پل بہہ گئے ہیں اور تباہی کی وجہ سے لاکھوں افراد بجلی سے محروم ہو گئے ہیں۔فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹیس نے ایک نیوز کانفرنس میں بتایا، "ہم نے اس شدت کا طوفان کبھی نہیں دیکھا۔ پانی کی مقدار بڑھتی جا رہی ہے۔ گرچہ طوفان اب گزر رہا ہے لیکن اس کے باوجود آج بھی پانی بڑھتا جائے گا۔ بنیادی طور پر 500 سالہ سیلابی واقعہ ہے۔طوفانوں سے متعلق محکمے نیشنل ہریکین سینٹر (این ایچ سی) نے اب جنوبی کیرولائنا کی ساحلی پٹی کے لیے بھی سمندری طوفان کی وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے مطابق طوفان ایان اب زیادہ سے زیادہ 70 میل فی گھنٹہ (110 کلومیٹر فی گھنٹے) کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں کے ساتھ مزید شمال کی طرف بڑھ رہا ہے۔



