انڈونیشیا: فٹ بال میچ میں ہنگامہ آرائی، ہلاکتوں کی تعداد 174 سے متجاوزہوگئی
جکارتہ:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)انڈونیشیا میں فٹ بال میچ کے دوران ہنگامہ آرائی اور بھگدڑ مچنے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 174 تک جا پہنچی، جبکہ سیکڑوں افراد زخمی ہوئے ہیں۔انڈونیشیا کے شہر ملنگ میں فٹ بال میچ کے دوران ہزاروں شائقین گراؤنڈ میں داخل ہو گئے جب کہ پولیس نے انہیں منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کے شیل فائر کیے جس سے بھگدڑ مچ گئی جس کے نتیجے میں اسٹیڈیم میں پہلے مرحلے میں 129 افراد ہلاک جب کہ متعدد زخمی ہوئے۔کنجوروہان اسٹیڈیم میں گزشتہ رات جب اریما ایف سی کی ٹیم مہمان ٹیم اور دیرینہ حریف پرسیبا سورابایا سے 3-2 سے ہار گئی جس کے بعد اریما ایف سی کے حامیوں نے پچ پر دھاوا بول دیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا تھا کہ انہوں نے شائقین کو اسٹینڈ پر واپس آنے کے لیے بہت کوشش کی جب کہ 2 اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد آنسو گیس کے شیل فائر کئے۔ پولیس کے مطابق بہت سے متاثرین کو روندا گیا یا گلا دبا کر ہلاک کر دیا گیا۔مشرقی جاوا کے پولیس چیف نیکو افینٹا نے کہا کہ بہت سے لوگ جب ایک ساتھ اسٹیڈیم سے نکلنے کے لیے باہر کی طرف بھاگے اور اسی دوران تو دم گھٹنے سے لوگ ہلاک ہوئے۔انہوں نے ابتدائی طور پر کہا کہ کل 127 افراد ہلاک ہوئے تھے لیکن بعد میں یہ تعداد 174 تک پہنچ گئی جب کہ متعدد لوگ زخمی ہوئے۔بھگدڑ کے دوران اسٹیڈیم کے اندر سے لی گئی تصاویر میں بڑی مقدار میں آنسو گیس اور لوگ باڑ پر چڑھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ لوگ افراتفری کے دوران زخمی تماشائیوں کو اسپتال لے جا رہے تھے۔
انڈونیشیا کی وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ زیادہ تر افراد کی موت سانس گھٹنے اور بھگدڑ مچنے کی وجہ سے ہوئی۔لیگ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مشتعل افراد نے اریما کلب کے کئی کھلاڑیوں پر بھی حملہ کیا، تمام کھلاڑیوں کو گراؤنڈ سے باہر منتقل کردیا گیا۔انڈونیشین فٹبال لیگ کے صدر احمد ہادیان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایک ہفتے کے لیے تمام میچز معطل کردیے ہیں۔ انہوں نے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ ہم سب کے لیے ایک قیمتی سبق ہوگا۔
NEW – Over 100 people were killed tonight in riots that broke out at a football match in Indonesia.pic.twitter.com/hGZEwQyHmL
— Disclose.tv (@disclosetv) October 1, 2022



