
نئی دہلی ، 7اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ای ڈی دہلی حکومت کی نئی شراب پالیسی کو لے کر بڑی کارروائی کر رہا ہے۔ دہلی، پنجاب، آندھرا پردیش سمیت 35 مقامات پر ای ڈی کے چھاپے جاری ہیں۔ اس سے پہلے ستمبر میں بھی شراب گھوٹالہ معاملے میں ای ڈی نے دو بار چھاپے مارے تھے۔ذرائع کے مطابق ای ڈی کچھ شراب تقسیم کرنے والوں، کمپنیوں اور ان سے منسلک اداروں کی تلاش کر رہی ہے۔ بتا دیں کہ 28 ستمبر کو سمیر مہندرو کو ای ڈی نے گرفتار کیا تھا۔ سمیر مہندرو انڈو اسپرٹ کے مالک ہیں۔ دہلی کے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کے قریبی ساتھیوں کو مبینہ طور پر اس نے دو بار کروڑوں روپے ادا کیے تھے۔
یہ قریبی ساتھی شراب کے ان تاجروں میں سے ایک تھے جو مبینہ طور پر ایکسائز پالیسی کی تشکیل اور نفاذ میں بے قاعدگیوں میں ملوث تھے۔ اسی معاملے میں سی بی آئی نے دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سیسودیا کے گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ سی بی آئی کی ٹیم نے منیش سیسودیا کے گھر پر کئی گھنٹے تک چھاپہ مارا۔ بعد میں ای ڈی نے منی لانڈرنگ کا معاملہ درج کیا اور پھر کئی گرفتاریاں بھی کی گئیں۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22 کے نفاذ میں مبینہ بے ضابطگیوں کی سی بی آئی انکوائری کی سفارش کی تھی۔ بعد ازاں اس معاملے میں ایکسائز کے 11 افسران کو بھی معطل کر دیا گیا۔



