بین الاقوامی خبریں

میزائل تجربات دشمنوں کے خاتمہ کیلئے کیے گئے: شمالی کوریا

پیانگ یانگ ، 10اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ اس کے حالیہ میزائل تجربات جوہری ہتھیاروں کی مشق کا حصہ تھے جس کا مقصد ممکنہ جنوبی کوریائی اور امریکی اہداف کونشانہ بنانا اور صفایا کر دینا ہے۔شمالی کوریا کی طرف سے جاری اس سرکاری بیان کو حکمراں ورکرز پارٹی کی 77ویں یوم تاسیس کے موقع پر صدر کم جونگ ان کے ساتھ عوامی اتحاد کو مضبوط کرنے کی کوشش کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جنہیں کووڈ وبا کی وجہ سے پیدا اقتصادی مشکلات اور مختلف ممالک کی جانب سے پابندیوں کی وجہ سے متعدد مسائل کا سامنا ہے۔

شمالی کوریا کے صدر کم جونگ ان نے آنے والے ہفتوں میں ایسے مزید میزائل تجربات کا اشارہ بھی دیا۔شمالی کوریا کی سرکاری خبررساں ایجنسی کورین سینٹرل نیوز ایجنسی (کے سی این اے) نے کہاکہ جوہری یونٹوں کے ذریعہ سات بار کیے گئے میزائل تجربات کا مقصد جوہری اسلحوں سے لیس طاقت کی حقیقی صلاحیتوں کا اندازہ لگانا تھا۔ یہ کسی بھی مقام پر اور کسی بھی وقت نشانہ بنانے اور ان کا صفایا کر دینے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

کے سی این اے نے کہا کہ یہ میزائل تجربات امریکہ اور جنوبی کوریا کے بحری افواج کی جانب سے کی گئی فوجی مشقوں کے ردعمل میں کیے گئے تھے۔کے سی این اے نے اپنے بیان میں کہا، "فوجی مشقوں کو فوجی خطرے کے طور پر دیکھتے ہوئے شمالی کوریا نے ایک حقیقی جنگ کی صورت حال میں اپنی صلاحیتوں کا تجربہ کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ اپنی صلاحیتوں کی جانچ کرسکے، دفاعی صلاحیتوں کو بہتر بناسکے اور اپنے دشمنوں کو وارننگ دے سکے۔

کے سی این اے کے مطابق شمالی کوریا کی فوجی مشقیں 25 ستمبر سے 9 اکتوبر تک جاری رہیں۔ مشقوں کی نگرانی شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کی۔کے سی این اے کے مطابق کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ میزائل تجربات جنوبی کوریا اور امریکہ کے لیے بلاشبہ ایک وارننگ تھے، تاکہ انہیں شمالی کوریا کی جوہری صلاحیتوں اور حملے کرنے کی صلاحیتوں کے بارے میں آگاہ کردیا جائے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button