بین الاقوامی خبریں

اردنی خاتون انجینئر ملازمت نہ ملنے پر کوسٹر چلانے لگیں

دبئی، 12اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)اردنی خاتون رشان النابلسی نے فوڈ انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی تاہم ملازمت نہ ملنے پر ملکی تاریخ میں پبلک ٹرانسپورٹ ’کوسٹر‘ کی پہلی خاتون ڈرائیور بن گئیں۔رشان شمالی اردن کے شہر اربد میں کوسٹر ڈرائیور کے طور پر کام کر رہی ہیں۔اسکائی نیوز کے مطابق رشان النابلسی نے بتایا کہ کوسٹر کے مسافر مجھے ڈرائیور کی سیٹ پر بیٹھا دیکھ کر حیرت کا اظہار کرتے ہیں۔ پہلی اردنی خاتون ہوں جو پبلک ٹرانسپورٹ کی ڈرائیور بنی ہوں۔اردنی خاتون کا کہنا ہے کہ ’فوڈ انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کرنے کے بعد سرتوڑ کوششوں کے باوجود ملازمت نہیں ملی تو پبلک بس ڈرائیور کے طور پر کام کرنے کے سوا کوئی اورآپشن نہیں تھا۔انہوں نے بتایا کہ ڈرائیورکی ڈیوٹی مشکل ہے۔

روزانہ صبح 5 بجے شروع ہوتی ہے اور سورج غروب ہونے تک جاری رہتی ہے، یہ محنت مشقت کا کام ہے۔رشان النابلسی کا کہنا ہے کہ معاشرے کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ خاص طور پردوسرے ڈرائیور اور مسافر اس پر فقرے کستے رہتے ہیں۔سوشل میڈیا پربھی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ بیشتر صارفین نے رشان النابلسی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ رزق حلال نعمت ہے۔ ڈرائیونگ کوئی بری بات نہیں۔بعض افراد کا اعتراض ہے کہ ’پبلک ٹرانسپورٹ ڈرائیور کا کام مردوں کا ہے، عورتوں کا نہیں۔ اس کے لیے جسمانی مشقت درکار ہوتی ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button