بین ریاستی خبریں

سرکاری اسکول میں آر ایس ایس کیمپ کی اجازت پر دلت تنظیموں کا احتجاج

اشتعال انگیز تقاریر کا الزام، ڈپٹی کمشنر سے فوری مداخلت کی اپیل

حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بیدر کے سرکاری اقامتی اسکول میں آر ایس ایس کیمپ کے انعقاد کی اجازت کے خلاف کئی دلت تنظیموں اور بائیں بازو طلباء تنظیموں نے احتجاج منظم کیا۔ بیدر ضلع کے کمٹھانہ علاقہ میں واقع مرارجی دیسائی اقامتی اسکول میں آر ایس ایس کو حکام نے 9 روزہ کیمپ کے انعقاد کی اجازت دی ہے جس کا 8 اکٹوبر سے آغاز ہوچکا ہے اور 16 اکٹوبر کو کیمپ ختم ہوگا۔ دلت تنظیموں نے ڈپٹی کمشنر بیدر کے دفتر کے روبرو احتجاج منظم کرتے ہوئے کیمپ کی اجازت دینے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ تنظیموں کا کہنا ہے کہ کیمپ کے دوران نوجوانوں اور کمسن بچوں کے درمیان نفرت پر مبنی تقاریر کی جارہی ہیں۔

مرارجی دیسائی اقامتی اسکول پسماندہ طبقات کے طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے مقصد سے قائم کیا گیا۔ آر ایس ایس جو کمزور اور پسماندہ طبقات کی مخالف پالیسی اختیار کرتی ہے وہ تعلیمی ادارہ کو اپنے نظریات عام کرنے کیلئے استعمال کررہی ہے۔ دلت تنظیموں کا کہنا ہے کہ تعلیمی اداروں میں داخلہ کی مساعی کے تحت یہ کیمپ منعقد کیا گیا۔ کیمپ کے دوران کئی مقررین کو مختلف موضوعات پر اظہار خیال کیلئے مدعو کیا گیا۔ ضلع کنوینر دلت تنظیم کلیان راؤ بھوسلے نے اجازت دینے والے عہدیداروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کیمپ کی فی الفور برخواستگی کی مانگ کی۔ بائیں بازو کی تنظیموں نے بھی احتجاج میں حصہ لیتے ہوئے سرکاری تعلیمی ادارہ میں آر ایس ایس کو کیمپ منعقد کرنے کی اجازت پر اعتراض جتایا۔

ان کا کہنا تھا کہ عہدیداروں نے جان بوجھ کر یہ اجازت دی ہے اور اس معاملہ میں اسکول سے تعلق رکھنے والے افراد بھی ملوث ہیں۔ انہوں نے کیمپ جاری رہنے پر احتجاج میں شدت پیدا کرنے کی دھمکی دی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button