بین الاقوامی خبریں

متحدہ عرب امارات میں فضائی ٹکٹ سستے، خصوصی پیشکشوں کا اعلان

دبئی، 13اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)متحدہ عرب امارات کی قومی فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے علاقائی و بین الاقوامی پروازوں کے لیے خصوصی پیشکشوں کا اعلان کیا ہے۔الامارات الیوم کے مطابق فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں نے نومبر کے آخر تک بین الاقوامی پروازوں کے لیے جو رعایتی ٹکٹ جاری کیے ہیں ان کی ابتدا ایک ہزار 100 درہم سے کی گئی ہے۔ مخصوص ملکوں کے لیے رعایتی پیشکشیں کی جارہی ہیں۔ ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ’ ان دنوں فضائی ٹکٹ 30 تا 40 فیصد سستے ہیں۔ اس کا موازنہ موسم گرما کے ٹکٹوں کی قیمتوں سے کیا جارہا ہے‘۔فضائی کمپنیوں اور ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ رعایتی پیشکش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اکتوبر کے آخر تک بکنگ کرائی جاسکتی ہے۔

نومبر کے آخر سے سفر کیا جاسکتا ہے۔الریس کمپنی کے ڈپٹی ایگزیکٹیو چیئرمین محمد الریس نے کہا کہ’ فضائی ٹکٹ نمایاں حد تک سستے ہوئے ہیں۔ مشرقی و مغربی یورپ کے علاوہ جنوبی ایشیا کے ممالک کے لیے فضائی ٹکٹ سستے ہوئے ہیں۔اکتوبر اور نومبر کے دوران ٹکٹ سستے ملیں گے جبکہ دسمبر سے ٹکٹ مہنگے ہونے لگیں گے۔العابدی ٹورسٹ ہولڈنگ کمپنی کے چیئرمین سعید العابدی نے کہا کہ سال کے اس دورانیے کے حوالے سے فضائی ٹکٹ اوسطا مہنگے ہیں البتہ موسم گرما کے لحاظ سے دیکھا جائے تو قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

امارات میں معاون عملے کے لیے ایک سال میں بمعہ تنخواہ کتنی چھٹیاں؟

دبئی ، 13اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات میں وزارت افرادی قوت و اماراتائیزیشن نے کہا ہے کہ امارات میں معاون عملے کو ایک سال میں تنخواہ سمیت کم از کم 30 دن چھٹی کا حق حاصل ہے۔ چھٹی شروع ہونے سے قبل ہی تنخواہ ادا کی جائے گی۔ الامارات الیوم کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا کہ معاون عملے کو ملازمت کے معاہدے کے ایک سال کے دوران 30 دن تک کی بیماری کی چھٹی کا حق بھی حاصل ہے۔یہ چھٹی ملک کے منظور شدہ صحت ادارے کی میڈیکل رپورٹ پر دی جائے گی۔ چھٹی کے ابتدائی پندرہ دن میں مکمل جبکہ باقی پندرہ دن نصف تنخواہ ملے گی۔اس طرح معاون عملے کو سال میں مکمل تنخواہ کے ساتھ 45 دن کی چھٹی کا استحقاق ہوگا تاہم یہ چھٹی کے مطلوبہ تقاضے پورے کیے جانے سے مشروط ہے۔

45 دن میں 30 دن سالانہ اور پندرہ دن بیماری کی چھٹی کے ہیں۔ وزارت افرادی قوت کا کہنا ہے کہ وفاقی قانون میں معاون عملے کے حقوق مقرر ہیں۔ اس کا مقصد آجر اور اجیر کے حقوق کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔متحدہ عرب امارات میں معاون عملے کے تحت 19 پیشے آتے ہیں۔ ان میں کک، کاشتکار، باغبان، پرائیویٹ ٹرینرِ، پرائیویٹ ٹیچر، پرائیویٹ نرس، پرائیویٹ ڈرائیور وغیرہ شامل ہیں۔ قانون میں آجرکو معاون کارکن کو سالانہ کم از کم 30 دن کی چھٹی اور پیشگی تنخواہ دینے کا پابند بنایا گیا ہے۔ آجرکو ہردو سال میں ایک بار کارکن کو ریٹرن ٹکٹ بھی فراہم کرنا ہوگا۔ معاون کارکن کو ملازمت کے ایک سال کے دوران 30 دن تک بیماری کی چھٹی حاصل کرنے کا حق ہے۔ یہ چھٹی مسلسل 30 دن ایک ساتھ بھی لی جاسکتی ہے اور وقفے وقفے سے بھی لی جاسکتی ہے۔ یہ چھٹی امارات کے منظور شدہ صحت ادارے سے جاری میڈیکل رپورٹ سے مشروط ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button