
ویکسین دیئے جانے کے 2 دن بعد صفائی اہلکار کی موت
رانچی:(اردودنیا.اِن)رانچی میں کورونا ویکسین کے دو دن بعد 45 سالہ صفائی اہلکار کی موت کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔صفائی اہلکار منوں پہان کو فروری کو ٹیکے لگائے گئے تھے، 2 فروری کی شب اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔
طبیعت خراب ہونے پر انہیں اسپتال لایا گیا،جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ دوسری طرف صدر اسپتال کے سی ایس وجے بہاری پرساد اور اسٹیٹ ڈیفنس آفیسر اجیت پرساد نے بتایا کہ وہ پورے معاملہ کی تحقیقات کے لئے اسپتال گئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ دل کا دورہ پڑنے کا معاملہ ہے۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اس پر معاملہ واضح ہوسکے گا۔
اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صفائی اہلکار اسپتال آنے سے پہلے ہی دم توڑ چکے تھے۔ فی الحال موت کی وجہ واضح نہیں ہوسکی ہے۔ اس سلسلے میں تحقیقات کی جارہی ہیں۔ میدانتا ہسپتال مینجمنٹ کے ڈاکٹر مختار نے بتایا کہ یکم فروری کو اسپتال کے 151 طبی کارکنوں کوویکسین دئے گئے تھے ، 9 افراد کو ٹیکہ لگایا گیا تھا جہاں سے منوں پہان کوبھی ٹیکہ لگایا گیا تھا۔
لیکن ابھی تک کسی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔لواحقین کا کہنا ہے کہ اس سے قبل انہیں کسی قسم کی بیماری یا پریشانی نہیں ہوئی تھی، وہ بہت صحتمند تھے۔ کنبہ کے افراد نے خدشہ ظاہر کیا کہ وہ یا تو ہارٹ اٹیک کی وجہ سے فوت ہوئے ہیں یا ویکسین کی وجہ سے اس کی موت ہوگئی ہے۔ وہ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے منتظر ہیں۔



