قیمتوں پر قابو پانے کیلئے کوئی میکانزم نہیں ، بیرونی ریاستوں سے بکروں کی درآمدات میں کمی
حیدرآباد:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) دونوں شہروں میں بکرے کے گوشت کی قیمت میں من مانی اضافہ کیا جانے لگا ہے اور قیمتوں پر قابو پانے کا کوئی میکانزم نہ ہونے کے سبب اب جانوروں کی مصنوعی قلت پیدا کرتے ہوئے گوشت کی ٹھوک قیمت کو 800روپئے فی کیلو تک کردیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد وسکندرآباد کے بکرے کی منڈیوں میں بکروں کی قلت کا دعویٰ کرتے ہوئے ٹھوک تاجرین اور دھنگروں نے جانور کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے ۔ بتایاجاتا ہے کہ بڑے جانور میں گانٹھ کی بیماری کی اطلاعات کے باعث شہریوں نے بڑے جانور کے گوشت کے بجائے بکرے کے گوشت کے استعمال کو ترجیح دینی شروع کی تھی لیکن گذشتہ دنوں وائرس کی بکروں میں منتقلی کی اطلاعات کے بعد بکروں کی قیمتوں میں زبردست اچھال ریکارڈ کیا جانے لگا ہے اور کہا جارہاہے کہ جن ریاستو ں میں بیل کے گوشت کے استعمال کو ترک کیا گیا ہے ان ریاستوں میں بکروں کی کھپت زیادہ ہونے کی وجہ سے حیدرآباد میں بکرے کے گوشت کی قیمت میں من مانی اضافہ کیا جاچکا ہے۔
بکرے کی ٹھوک قیمتوں میں اضافہ کے ساتھ ساتھ چلر فروشی میں کئے جانے والے اضافہ کے متعلق شہر کے سرکردہ تاجرین کا کہناہے کہ بکروں کی قیمتوں پر کنٹرول کا کوئی میکانزم نہ ہونے کی وجہ سے دکاندار اپنی مرضی سے گوشت کی قیمتوں میں اضافہ کا فیصلہ کررہے ہیں۔ شہر کے سرکاری مسالخ میں جانوروں کو ذبح کرنے سے قبل ان کی صحت کی جانچ کے اقدامات کے سبب دوسری ریاستوں سے شہر لائے جانے والے جانوروں کی تعداد میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کی اطلاعات ہے اور کہا جا رہاہے کہ جانوروں کو لانے کے بعد مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے ان جانوروں کو واپس کردیئے جانے کے خدشات کے تحت پڑوسی ریاستوں بالخصوص مہاراشٹرا‘ کرناٹک اور دیگر ریاستوں سے شہر لائے جانے والے بکروں کی تعداد میں کمی آئی ہے جس کی وجہ سے دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں تاجرین کو طلب کے مطابق گوشت حاصل نہیں ہورہا ہے۔
کئی تاجرین کا کہناہے کہ دھنگرجو پڑوسی اضلاع میں جانوروں کو پال رہے ہیں ان لوگوں نے بھی مصنوعی قلت پیدا کرنی شروع کردی ہے۔ ریاستی حکومت کے محکمہ اوزان و پیمائش کے علاوہ اگر میٹ کارپوریشن اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کی جانب سے بکرے کے گوشت کی قیمتوں کو قابو میں لانے کے اقدامات نہیں کئے جاتے ہیں تو ایسی صورت میں شہر حیدرآباد میں جاری شادی بیاہ کی تقاریب شدید متاثر ہوں گی ۔ بڑے جانور میں گانٹھ کی بیماری کا خوف اور بکرے کے گوشت کی قیمت میں من مانی اضافہ شہر حیدرآباد میں تشویشناک صورتحال پیدا کرنے کا سبب بن رہا ہے۔



