بین الاقوامی خبریں

افغان طالبان کے خوف سے مبینہ طور پر خاتون نے خود کشی کرلی

طالبان کے صوبائی پولیس چیف برائے غور کے قائم مقام ترجمان عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ خواتین کی جیل نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کو سرعام سنگسار کرنے کی سزا سنائی گئی

کابل، 16اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)افغانستان کے صوبہ غور میں ایک خاتون نے اس وقت خودکشی کرلی جب اسے گھر سے بھاگنے پر طالبان کا خوف طاری ہوگیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان گزشتہ جمعے کو گھر سے بھاگ کر شادی کرنے والی خاتون کو سنگسار کرنے والے تھے کہ مذکورہ خاتون نے سرعام تذلیل سے بچنے کی خاطر پہلے ہی خودکشی کرلی جبکہ جس شخص کے ساتھ خاتون نے گھر سے بھاگ کر شادی کی تھی اسے جمعرات 13 اکتوبر کو پھانسی دے دی گئی تھی۔

طالبان کے صوبائی پولیس چیف برائے غور کے قائم مقام ترجمان عبدالرحمان کا کہنا ہے کہ خواتین کی جیل نہ ہونے کی وجہ سے خاتون کو سرعام سنگسار کرنے کی سزا سنائی گئی۔طالبان سکیورٹی اہلکار کے مطابق خاتون نے سزا ملنے سے قبل ہی اپنے اسکارف سے اپنا گلا گھونٹ کرخود کشی کرلی تھی۔طالبان حکومت کی جانب سے گھر سے بھاگنے والی خواتین کو سنگسار کرنے یا سرعام کوڑے مارنے کے فیصلے کے باوجود حال ہی میں ملک کے مختلف صوبوں سے خواتین کے گھروں سے بھاگنے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی جانب سے خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کرنے کے بعد ایسے اقدامات سامنے آرہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button