
زرعی قوانین کے مسئلے پرلوک سبھا میں اپوزیشن پارٹیوں کی ہنگامہ آرائی
نئی دہلی، (اردودنیا.اِن)حزب اختلاف کی جماعتوں کے ممبران کے متنازع تین زرعی قوانین کو واپس لینے کا مطالبہ کرنے کی وجہ سے لوک سبھا میں وقفہ سوال کی کاروائی نہیں ہوسکی اور سیشن دو بار ملتوی کرنے کے بعد 7بجے تک کیلئے موخر کردیا گیا۔لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے حزب اختلاف کے ممبران کے چیئرمین کے قریب آنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں پارلیمنٹ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر کاروائی کاسامناکرناہوگا۔
ممبران پارلیمنٹ متنازع قوانین کے ردکرنے پراٹل
ایوان کی میٹنگ کے آغاز پر کانگریس لیڈر ادھیر رنجن چودھری نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے وقفہ سوال کو معطل کرنے اور پہلے کسانوں کے معاملے پر بحث شروع کرنے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے میں دنیا میں ہندوستان کی شبیہ خراب ہورہی ہے۔ بریلا نے اس سے انکارکردیا اوروقفہ سوال چلانے کی ہدایت دی۔
اس دوران کانگریس کے کچھ ممبران، ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے اور عام آدمی پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ بھگونت مان نعرے لگاتے ہوئے آسن کے قریب پہنچ گئے۔ وہ متنازعہ زرعی قوانین کو واپس لینے کے مطالبے دہرارہے تھے۔ اسپیکر برلا نے اپوزیشن کے کچھ ممبران کے طرز عمل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ممبر پارلیمانی اصولوں کی بہت زیادہ خلاف ورزی کرتے ہیں اور انہیں بار بار تادیبی کارروائی کرنی پڑے گی۔
انہوں نے اپوزیشن جماعتوں کے ممبران کو اپنی نشستوں پر جانے کی اپیل کی اور کہا کہ وہ تمام موضوعات پر بات کرنے کے لئے تیار ہیں اور اس ضمن میں حکومت سے بھی گزارش کریں گے۔ تاہم کانگریس، ترنمول کانگریس، ڈی ایم کے اور آپ سمیت اپوزیشن جماعتوں کے ممبران کے نعرے جاری رہے، جس کی وجہ سے چیئرمین بریلا نے شام 4.30 بجے تک کارروائی ملتوی کردی۔
شام کے ساڑھے چار بجے اجلاس دوبارہ شروع ہوتے ہی سابقہ صورتحال برقرار رہی۔ تاہم لوک سبھا اسپیکر اوم بریلا نے وقفہ سوال کا آغاز کیا اور بی جے پی کے جگدامبیکا پال نے سوالات پوچھنا شروع کردیا۔
اسی دوران عام آدمی پارٹی کے بھگونت مان آسن کے قریب آگئے اور متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف نعرے بازی شروع کردی۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر کافی بحث ہوئی ہے اور اب قانون واپس لیا جانا چاہئے۔ اس پر چیئرمین بریلا نے کہا کہ تمام ممبران کو اپنے اپنے مقامات پر جانا چاہئے اور میں آپ کو بات کرنے کا کافی موقع فراہم کروں گا۔
یہ بھی پڑھیں :- لکھنؤ :ہوائی اڈے پر بھوک ہڑتال پر بیٹھے وزیر اعظم کے بھائی پرہلاد مودی
انہوں نے کہا کہ بھگونت مان جی آپ کچھ کہنا چاہتے ہیں تو اپنی جگہ پر جائیں اور پارلیمانی اصولوں پر عمل کریں، بصورت دیگر ایکشن لینا پڑے گا۔ تاہم اپوزیشن ارکان کا شور جاری رہا۔ ہنگامہ آرائی جاری رہنے پر اسپیکر نے ایوان کو شام 5 بجے تک کے لئے ملتوی کردیا۔ جب پانچ بجے ایوان کی میٹنگ دوبارہ شروع ہوئی تو لوک سبھا اسپیکر نے نعرہ لگاتے اراکین سے کہاکہ جس کے لئے آپ کو بھیجا گیا ہے،
آپ عوام کے ان مسائل کو وقفہ صفر کے ذریعہ حکومت کے سامنے لاسکتے ہیں۔ میں آپ کووقفہ صفر میں کافی وقت اور موقع دوں گا، اپنی نشست پر جائیں۔پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی نے کہاکہ میں نے لیڈران سے بات چیت کی۔ اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صدر کے خطاب پر شکریہ کی تجویزکے بعد بحث ہوگی۔
انہوں نے اپوزیشن ممبران کے ہنگامے پر مایوسی کا اظہار کیا۔تاہم شور نہ رکنے پر صدر بریلا نے سیشن کو شام سات بجے تک کیلئے ملتوی کردیا۔




