اسلام آباد ، 21اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)پاکستان کے الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے۔ جمعے کو اس ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا کہ عمران خان ’کرپٹ پریکٹس کے مرتکب ہوئے ہیں۔ ان کی قومی اسمبلی کی نشست خالی قرار دی جاتی ہے۔الیکشن کمیشن نے عمران خان کے خلاف مقدمہ دائر کرنے کا بھی کہا ہے۔ابھی یہ واضح نہیں کہ آیا تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو صرف ڈی سیٹ کیا گیا ہے یا ان کی نااہلی تاحیات ہے۔ فیصلے کے بعد تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ یہ عمران خان پر نہیں پاکستان کے آئین اور اداروں پر حملہ ہے۔جمعے کو فیصلہ سنائے جانے کے وقت تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی، شیریں مزاری، فیصل جاوید اور دیگر موجود تھے۔
الیکشن کمیشن کے گرد سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے اور ریڈ زون جانے والے راستوں پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔رواں سال اگست میں الیکشن کمیشن میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ایم این ایز کی درخواست پر اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کی نااہلی کے لیے ایک ریفرنس بھیجا تھا۔ریفرنس میں کہا گیا تھا کہ عمران خان نے اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے لیے گئے تحائف اور ان تحائف کی فروخت سے حاصل کی گئی رقم کی تفصیل نہیں بتائی۔
ریفرنس کے مطابق عمران خان نے دوست ممالک سے توشہ خانہ میں حاصل ہونے والے بیش قیمت تحائف کو الیکشن کمیشن میں جمع کروائے گئے اپنے سالانہ گوشواروں میں دو سال تک ظاہر نہیں کیا اور یہ تحائف صرف سال 2020-21 کے گوشواروں میں اس وقت ظاہر کیے گئے جب توشہ خانہ سکینڈل اخبارات کی زینت بن گیا۔مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا کی طرف سے جمع کروائے گئے اور سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھیجے گئے ریفرنس میں اثاثے چھپانے پر عمران خان کی نااہلی کی استدعا کی گئی تھی۔
صرف نااہلی نہیں، گرفتار کر کے قانون کے سامنے بھی پیش کرنا چاہیے:مریم نواز

لاہور، 21اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ’چوری کے ناقابل تردید ثبوتوں کے ساتھ نااہل ہوئے۔جمعے کو توشہ خانہ کیس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی نااہلی کے فیصلے بعد ٹوئٹر پر ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اور ان کی اہلیہ نے قومی خزانے کو لوٹا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ جتنی بڑی چوری ہے اس کی سزا صرف نااہلی پر ختم نہیں ہونی چاہیے، اس کو گرفتار کر کے قانون کے سامنے پیش کرنا چاہیے اور لوٹا پیسہ واپس لینا چاہیے۔حکومتی اتحادی پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ فیصلے کا احترام کریں اور انتشار سے گریز کریں۔اس سے قبل پی ٹی آئی کی رہنما شیری رحمان نے ٹویٹ کیا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما فیصلے پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔اے این پی کے مرکزی ترجمان زاہد خان نے کہا کہ کہ یہ مکافات عمل ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غلط بیانی کی ہے اور ان کو سزا مل گئی۔



