ایودھیا ، 21اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پی ایم مودی کے ایودھیا دورے کے لیے رام نگری میں حفاظتی انتظامات سخت کیے جا رہے ہیں۔اسی سلسلے میں ایس پی جی بھی ایودھیا پہنچ گئی ہے۔ ایس پی جی ٹیم نے جمعرات کو ساکیت مہاودیالیہ، رام کتھا پارک اور رام کی پیڈی سائٹ کا دورہ کرکے سیکورٹی تیاریوں کو حتمی شکل دی ہے۔ اسی دوران اے ڈی جی زون برج بھوشن بھی ایودھیا پہنچے اور حکام سے سیکورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
بتا دیں کہ وزیر اعظم نریندر مودی 23 اکتوبر کی شام ایودھیا آ رہے ہیں اور دیپوتسو پروگرام’’جشن چراغاں‘‘ کا مشاہدہ کریں گے۔ ان کی آمد سے قبل ان کی سیکورٹی ایجنسیوں نے ایودھیا میں ڈیرے ڈال لیے ہیں۔ اس سلسلے میں ایس پی جی نے جمعرات کو مقامات کا دورہ کرکے سیکورٹی حکمت عملی تیار کی۔دوسری جانب مین روڈ کے دونوں اطراف بیریکیڈنگ کا جال بچھایا جا رہا ہے۔ اے ڈی جی زون برج بھوشن، ڈی آئی جی امریندر سنگھ اور ایس ایس پی پرشانت ورما نے بھی جمعرات کو دن بھر سیکورٹی انتظامات پر غور و خوض کیا۔ وزیراعظم کا منٹ ٹو منٹ پروگرام ابھی تک نہیں آیا۔ مانا جا رہا ہے کہ پی ایم ایودھیا میں تقریباً چار گھنٹے قیام کریں گے۔ اس دوران ایودھیا کو ناقابل تسخیر حفاظتی حصار میں قید کیا جائے گا۔



