نئی دہلی ، 26اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ہند نژاد رشی سونک کے برطانیہ کے وزیر اعظم بننے کے بعد آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے کہا کہ ا ن شاء اللہ باحجاب مسلم لڑکی وزیر اعظم بنے گی۔ہندوستان کے اویسی کے اس بیان پربی جےپی کے ترجمان شہزاد پونا والا نے طنز کیا ہے۔ انہوں نے اویسی سے سوال کیا کہ باحجاب لڑکی اے آئی ایم آئی ایم کی صدر کب بنے گی؟بی جے پی کے قومی ترجمان شہزاد پونا والا نے بدھ کو اویسی کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔ جس میں اویسی کہہ رہے ہیں کہ میں نے کہا کہ میری زندگی یا میری زندگی کے بعد ہندوستان کی وزیر اعظم ایک باحجاب لڑکی بنے گی۔
شہزاد پونا والا نے ٹویٹ کرکے اویسی پر طنز کیا۔انہوں نے لکھا کہ اویسی جی امید کرتے ہیں کہ باحجاب لڑکی ہندوستان کی وزیر اعظم بنے گی! حالانکہ آئین کسی کو نہیں روکتا، لیکن یہ بتائیں کہ باحجاب لڑکی اے آئی ایم آئی ایم کی صدر کب بنے گی؟ چلو وہاں سے شروع کرتے ہیں؟درحقیقت، کانگریس لیڈر ششی تھرور نے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہم سب کو یہ قبول کرنا ہوگا کہ برطانیہ کے لوگوں نے دنیا میں ایسا بہت ہی نایاب کام کیا ہے، اقلیتی برادری کے ایک رکن کو ان کے سب سے طاقتور عہدے پر رہنے کا موقع دیا ہے۔ ہم ہندنڑاد سونک کے لئے خوش ہیں۔ ششی تھرور کے اس ٹوئٹ پر میڈیا نے اویسی سے پوچھا تھا کہ کیا یہ ہندوستان میں ممکن ہوگا؟بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر حملہ کرتے ہوئے اویسی نے کہا کہ بی جے پی کا مقصد ملک سے مسلمانوں کومین اسٹریم سے ہٹانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زعفرانی جماعت حلال گوشت اور مسلمانوں کے طرز زندگی کے دیگر پہلوؤں کیخلاف ہے۔



