کجریوال کے بیان پر کانگریس کا طنز: پھر تو ہندوستانی نوٹوں پر لفظ ’اللہ‘ اور’ عیسیٰ ‘بھی لکھے جائیں
نئی دہلی ، 26اکتوبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گجرات انتخابات سے عین قبل اروند کجریوال نے ایک نئے تنازع کو جنم دے ڈالا۔ نوٹوں پر ہندوؤں کے دیومالائی عقائد کے مطابق گنیش اور لکشمی کی تصویر لگانے کے مطالبے پر بی جے پی کے بعد اب کانگریس نے بھی ان پر طنز کیا ہے۔جہاں بی جے پی نے کجریوال کے بیان کو یو ٹرن کی انتہا قرار دیا ہے وہیں اب کانگریس لیڈر سلمان سوز نے کہا ہے کہ اگر نوٹوں پر بھگوان گنیش اور ماتا لکشمی کو شامل کرنے سے خوشحالی آسکتی ہے تو اس میں اللہ، عیسیٰ، گرو نانک وغیرہ کے اسماء بھی شامل ہونے چاہیے ۔اس کے علاوہ کانگریس لیڈر سندیپ دکشت نے بھی کجریوال کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اس لیے انہیں بی جے پی اور آر ایس ایس کی بی ٹیم کہا ہے۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ اروند کجریوال کی یہ ووٹ کی سیاست ہے۔ اگر وہ ووٹ لینے پاکستان جائے تو یہ بھی کہہ سکتے ہیں کہ میں پاکستانی ہوں اس لیے مجھے ووٹ دیں۔اس سے پہلے بی جے پی نے کجریوال پر بھی حملہ کیا تھا۔ بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کہا تھا کہ یہ وہی شخص ہے جو ہندو مذہب کی توہین کرتا ہے۔ ایودھیا جانے سے انکار کر کے کہتا ہے کہ بھگوان اس کی دعا قبول نہیں کرے گا۔ دراصل کجریوال نے کہا تھا کہ اگر ہمارے کرنسی نوٹوں میں گنیش اور لکشمی کی تصویر ہے تو ہمارا ملک ترقی کرے گا۔کیونکہ اس سے دیوی دیوتاؤں کا ’’آشیرواد‘‘ ملتا ہے، کجریوال نے مزید کہا کہ اس معاملہ پر وزیراعظم کو ایک دو روز میں خط لکھوں گا۔



