گوپال گنج ، 26اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)گوپال گنج میں شوہر کے ناجائز تعلقات کیخلاف احتجاج کرنے پر بیوی کا گلا چھری سے کاٹ کر بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ واقعہ اچکاگاؤں تھانہ علاقہ کے بروا مٹھ نامی گاؤں کا ہے۔ متوفی خاتون کا نام منی دیوی ہے جو راکیش کمار گپتا کی بیوی تھی۔ خاتون کی 13 سال قبل شادی ہوئی تھی اور وہ تین بچوں کی ماں ہے، پولیس نے اس معاملہ میں ملزم شوہر کو گرفتار کر لیا ہے۔ قتل کے بعد پورے خاندان میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ خاندان کا الزام ہے کہ لوہسی گاؤں کے رہنے والے راکیش گپتا کے راجا پور گاؤں کی ایک دوسری ذات کی شادی شدہ خاتون سے تعلقات تھے جس کی اس کی بیوی منی دیوی نے مخالفت کی تھی۔
اس بات پر میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا۔ ادھر منگل کی رات دیر گئے شوہر نے بیوی کا گلا کاٹ کر قتل کر دیا، اور لاش پولی تھین میں چھپا دیاگیا۔ پولیس نے مل کا تالہ توڑ کر لاش کو نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے صدر اسپتال پہنچا یا۔خیال رہے کہ ملزم شوہر کو پولیس نے گرفتار کرلیا ہے ، اس سلسلے میں مزید تفتیش کی جارہی ہے ۔



