دبئی، 27اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)متحدہ عرب امارات میں دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈز اتھارٹی نے کہا ہے کہ گولڈن اقامہ ہولڈرز شرائط پوری کرکے ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔‘ الامارات الیوم کے مطابق دبئی ٹرانسپورٹ اینڈ روڈز اتھارٹی نے بیان میں کہا کہ ’گولڈن اقامہ ہولڈرز کو ریاست میں نیا ڈرائیونگ لائسنس حاصل کرنے کے لیے تین شرائط پوری کرنا ہوں گی۔بیان میں کہا گیا کہ ’پہلی شرط اپنے ملک کے موثر ڈرائیونگ لائسنس کی کاپی، دوسری شرط نظریاتی امتحان پاس کرنا اور تیسری شرط روڈ ٹیسٹ میں کامیابی حاصل کرنا ہے۔
یاد رہے کہ دبئی میں روڈ ٹیسٹ ڈرائیونگ سکول کے باہر سڑک پر گاڑی چلوا کرلیا جاتا ہے۔ امارات کی کسی اور ریاست کے ڈرائیونگ لائسنس ہولڈر کے حوالے سے اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اگر دبئی کے علاوہ امارات کی کسی اور ریاست سے اقامہ جاری ہوا ہو تو اسے ایسی صورت میں دبئی سے ڈرائیونگ لائسنس جاری کرانے کی درخواست دیتے وقت بھی بعض دستاویزات پیش کرنا ہوں گی۔ان میں دبئی میں مکان کے کرایے کے معاہدے یا کمپنی کے کاروباری لائسنس کی کاپی اور اقامہ جاری کرنے والے ادارے کی دستاویز شامل ہے۔
دبئی میں کارکن کے ہیڈکوارٹر کی موجودگی ثابت کرنے والا کمپنی کا خط بھی دینا ہوگا۔ اس سے دبئی سے ڈرائیونگ لائسنس کے حصول میںآسانی ہوگی۔ دبئی میں21 برس سے کم عمر افراد کے لیے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کی فیس سو درہم جبکہ 21 برس اور اس سے زیادہ امیدواروں کی فیس 300 درہم ہے۔ علاوہ ازیں ’الابتکار و المعرفہ‘ فیس 20 درہم لی جاتی ہے۔ دبئی میں ٹرانسپورٹ اینڈ روڈز اتھارٹی ڈرائیونگ لائسنس کی توسیع میں تاخیر کی صورت میں فی ماہ کے حساب سے دس درہم جرمانہ وصول کرتی ہے۔ڈرائیونگ لائسنس ختم ہونے کے 30 دن بعد جرمانہ عائد ہوتا ہے۔’
ابوظبی میں ٹریفک جرمانے جلد جمع کرانے پر 35 فیصد رعایت
ابوظہبی، 27اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) متحدہ عرب امارات میں ابوظہبی ٹریفک پولیس نے ٹریفک خلاف ورزیوں پر عائد جرمانے پہلی فرصت میں جمع کرانے والوں کے لیے رعایت کا اعلان کیا ہے۔60 دن کے اندرجرمانہ جمع کرانے پر 35 فیصد اور 60 دن سے ایک سال کے اندر جرمانہ ادا کرنے پر25 فیصد رعایت ملے گی۔ الامارات الیوم کے مطابق ابوظبی ٹریفک پولیس نے بیان میں کہا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کے جرمانے کسی منافع کے بغیر مقررہ بینکوں کے ذریعے قسطوں میں بھی جمع کرائے جاسکتے ہیں‘۔ابوظبی نیشنل بینک، الامارات الاسلامی، المشرق، ابوظبی کمرشل اورابوظبی اسلامی بینکوں میں سے کسی ایک بینک میں ٹریفک خلاف ورزی کا جرمانہ قسطوں میں ادا کیا جاسکتا ہے۔
ابوظبی پولیس کا کہنا ہے کہ’ جرمانوں کی ادائیگی چار چینلز کے ذریعے کی جا سکتی ہے۔ ان میں ابوظبی پولیس کی ویب سائٹ، سماٹ ایپ (تم، شرطہ ابوظبی) ، اسعاد سروس سینٹر اور براہ راست ادائیگی کی شامل ہیں۔ ابوظبی پولیس کی جنرل کمانڈ نے آگے بڑھو اور فائدہ اٹھاؤ‘ کے سلوگن کے تحت بیداری مہم شروع کی ہے۔ اس کے ذریعے عوام کو ٹریفک خلاف ورزیوں کے چالان جلد جمع کرانے پر مختلف سہولتوں اور رعایتوں سے فائدہ اٹھانے کی ترغیب دی جارہی ہے۔



