سری نگر، 27اکتوبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پاکستان کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ہندوستان، پاکستان کے زیر انتظام (مقبوضہ) کشمیر کو واپس لانے کے متعلق پارلیمنٹ میں منظور کی گئی 1994 کی قرار داد کو نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان،مقبوضہ کشمیر کے ہر شہری کے درد کو محسوس کرتا ہے جہاں لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور ہراساں کرنا معمول بن گیا ہے۔بتادیں کہ پارلیمنٹ میں 22 فروری 1994 کو ایک قرار داد پاس کی گئی جس میں پاکستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اس کے قبضے والے کشمیر کے حصے کو خالی کرے۔موصوف وزیر دفاع نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں بڈگام میں 76 ویں انفنٹری دن کے موقعہ پر فوج کے زیر اہتمام’شوریہ دیوس‘ سے خطاب کے دوران کیا۔
اس موقع پر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان،مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کے درد کو محسوس کر رہا ہے جہاں لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنانا اور ہراساں کرنا معمول بن گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستانی حکومت مقبوضہ کشمیر میں نفرت کے بیچ بو رہی ہے اور وہ وقت دور نہیں ہے جب وہاں لوگ بڑے پیمانے پر آواز بلند کریں گے۔
مسٹر سنگھ نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر بشمول گلگت اور بلتستان کو واپس لینے کے متعلق پارلیمنٹ میں منظور کی گئی 1994 کی قرار داد کو نافذ کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر (پاکستان کے زیر انتظام کشمیر )کے لوگوں کو تمام تر بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے جس سے ہم اچھی طرح باخبر ہیں۔راج ناتھ سنگھ کے مطابق سردار ولبھ بھائی پٹیل کا خواب اس دن پورا ہوگا جب سال1947 کے تمام مہاجروں کو اپنی زمین اور اپنے گھر واپس ملیں گے۔ا



