نیویارک:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ٹویٹر پر تصدیق شدہ اکاؤنٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں؟سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے صارفین کے اکاؤنٹس کی ویریفکیشن کے لیے ہر ماہ 20 ڈالر لینے پر کام شروع کردیا ہے۔مائیکرو بلاگنگ پلیٹ فارم مبینہ طور پر اپنے صارفین سے تصدیق شدہ اکاؤنٹ حاصل کرنے کے لیے چارج کرنے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔ دی ورج کی ایک رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک کی ملکیت والا ٹوئٹر اس وقت نئے ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن کے لیے $19.99 (تقریباً 1,600 روپے ) چارج کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق ایلون مسک نے اپنے ٹوئٹر ملازمین کو کہا ہے کہ وہ جلد از جلد صارفین کے اکاؤنٹس کی پیڈ ویریفکیشن کے فیچر کی تیاری شروع کریں بصورت دیگر انہیں چھٹی پر بھیج دیا جائے گا۔رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر ملازمین کو ہدایت دی گئی ہے کہ ٹوئٹر بلیو اور دیگر فیچر کے استعمال کیلئے صارفین سے پہلے مرحلے میں 5 ڈالر لیے جائیں گے جبکہ اس سے بڑی سبسکرپشن پر صارفین کو بلیو ٹک دیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پہلے مرحلے میں ٹوئٹر اپنے صارفین سے بلیو ٹک سبسکرپشن کے لئے 20 ڈالر لینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اس منصوبے کے تحت ٹوئٹر پر پہلے سے تصدیق شدہ صارفین کے پاس سبسکرپشن حاصل کرنے کیلئے 3 ماہ کا وقت ہوگا، سبسکرپشن نہ لینے پر ان کا بلیو ٹک ختم کردیا جائے گا۔ٹوئٹر کے اس پراجیکٹ پر کام کرنے والے ملازمین کا کہنا ہے کہ انہیں یہ فیچر متعارف کروانے کیلئے 7 نومبر تک کا وقت دیا گیا ہے، کام مکمل نہ کرنے پر انہیں نوکری سے برخاست کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ ٹوئٹر کو خریدنے کے بعد ایلون مسک نے کہا تھا کہ وہ اکاؤنٹس کی تصدیق کے عمل میں بہتری لائیں گے۔
ٹویٹر بلیو کو 2021 میں لانچ کیا گیا تھا اور یہ پریمیم خصوصیات جیسے ٹویٹس میں ترمیم کرنے، ٹویٹس کو کالعدم کرنے اور مزید بہت کچھ فیچرس تک رسائی فراہم کرتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صارفین کے لیے اپنے اکاؤنٹ کی تصدیق کے لیے ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن لینا لازمی ہوگا۔
ٹویٹر تصدیق شدہ اکاؤنٹ ہونے کا کیا مطلب ہے؟
ٹوئٹر ہیلپ پیج کے مطابق، ٹوئٹر پر بلو رنگ کا تصدیق شدہ بیج لوگوں کو یہ بتاتا ہے کہ عوامی دلچسپی کا اکاؤنٹ مستند ہے۔ تصدیق کے لیے، آپ کا اکاؤنٹ قابل ذکر اور فعال ہونا چاہیے۔ فی الحال، کوئی بھی ٹوئٹر کی تصدیق کے لیے درخواست دے سکتا ہے۔ پلیٹ فارم قابل ذکر اکاؤنٹس کو مختلف زمروں میں درجہ بندی کرتا ہے۔ یہ حکومت، خبر رساں ادارے، خبروں اور صحافیوں میں افراد، کمپنیاں، برانڈز اور تنظیمیں، تفریح، کھیل اور گیمنگ، کارکنان اور منتظمین اور مواد کے تخلیق کار اور بااثر افراد ہیں۔



