
نئی دہلی ، 5نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کی ایک عدالت نے جمعہ کو 27 سالہ پہلوان ساگر دھن کھڑ کے قتل کے معاملے میں دو بار کے اولمپک میڈلسٹ سوشیل کمار کو 12 نومبر تک عبوری ضمانت دے دی ہے۔ عدالت نے سوشیل کمار سے کہا ہے کہ وہ ایک لاکھ روپے کے ذاتی مچلکے جمع کرائیں۔ عدالتی حکم میں کہا گیا کہ گواہوں کے خطرے کے تاثر کو مدنظر رکھتے ہوئے اور خود ملزم کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے کم از کم دو سیکورٹی اہلکار اس کے ساتھ چوبیس گھنٹے موجود ہوں گے، تاکہ درخواست گزار/ملزم پر نظر رکھی جا سکے۔ عدالت نے مزید کہا کہ کمار کو ان کی بیوی اور دو نابالغ بچوں کی طبی حالت کو مدنظر رکھتے ہوئے عبوری ضمانت دی گئی ہے ۔کمار اور دیگر 17 افراد پر گزشتہ سال دھن کھڑ کے قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
4 مئی 2021 کو، دھن کھڑ کو دو گروپوں میںہوئے تصادم میں مارا پیٹا گیا۔سوشیل کا نام اس وقت سامنے آیا جب اس واقعے کی ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں اسے دیکھا گیا تھا۔سوشیل کمار کے فرار ہونے کے بعد عدالت نے اس کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کرنے کے بعد گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس نے سوشیل پر اس سازش کا الزام لگایا ہے کہ ملزم سوشیل نے دہلی اور ہریانہ سے اپنے دوستوں کو آتشیں اسلحہ کے ساتھ بلاکر اس سازش کو انجام د یا ہے ۔



