نئی دہلی ، 6نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)دہلی کی کڑکڑڈوما عدالت نے دہلی تشدد کے ایک معاملے میں طاہر حسین سمیت آٹھ ملزمان کے خلاف الزامات طے کرنے کا حکم دیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج پل ستیہ پرماچل نے ملزموں کے خلاف قتل کی کوشش ، مجرمانہ سازش اور غیر قانونی طور پر جمع ہونے کے الزامات عائد کرنے کا حکم دیا۔واقعہ 25 فروری 2020 کا ہے ، جب اجے گوسوامی نامی زخمی شخص کا ایک رشتہ دار دیال پور تھانے پہنچا اور بتایا کہ اجے فسادات کے دوران حملہ ہوا ہے اور وہ ہندو راؤ اسپتال میں داخل ہے۔
اطلاع ملنے پر اے ایس آئی وجینت کمار اسپتال پہنچے اور پتہ چلا کہ اجے گوسوامی بیان دینے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔پولیس نے اجے گوسوامی کے بیان پر یکم مارچ 2020 کو ایف آئی آر درج کی تھی۔ طاہر حسین کے علاوہ جن ملزمان کے خلاف عدالت نے فرد جرم عائد کرنے کا حکم دیا ان میں تنویر ملک ، گلفام ، ناظم ، قاسم ، شاہ عالم ، ریاست علی اور لیاقت علی شامل ہیں۔
عدالت نے ان کے خلاف دفعہ 307، 120 بی اور 149 کے تحت الزامات عائد کرنے کا حکم دیا ہے۔ اجے گوسوامی نے بتایا تھا کہ 25 فروری کو وہ اپنے چچا کے گھر آیا تھا۔ وہ دن کے تقریباً 4 بجے اپنے گھر کھجوری خاص سے واپس آ رہا تھا جب انہوں نے مین کراول نگر روڈ پر لوگوں کے ایک ہجوم کو پتھراؤاور گولیاں چلاتے ہوئے دیکھا۔
یہ دیکھ کر اجے گوسوامی واپس اپنے چچا کے گھر کی طرف بھاگنے لگے۔ پھر اسے پیچھے سے گولی لگی۔ گلفام اور تنویر گلی نمبر 5 اور 6 کے درمیان سے فائرنگ کر رہے تھے۔ اسی دوران اس کے چچا وہاں آئے اور اسے اٹھا کر کچھ لڑکوں کی مدد سے ماوی اسپتال لے گئے۔وہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور اس کے بعد انہیں ہندو راؤ اسپتال لے جایا گیا۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 307، 120 بی اور 34 کے تحت ایف آئی آر درج کی تھی۔ تحقیقات کے بعد، پولیس نے ایف آئی آر میں تعزیرات ہند کی دفعہ 147، 148 اور 149 بھی شامل کی۔ْ



