نیویارک، 19نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) امریکہ کے محکمہ انصاف نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف تحقیقات کے لیے جنگی جرائم کے پراسیکیوٹر کی خدمات حاصل کر لی ہیں۔برطانوی خبر رساں ادارے روئٹر کے مطابق امریکہ کے اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ نے جیک سمتھ کو سپیشل کاؤنسل نامزد کیا گیا ہے جو کہ جنگی جرائم کی تحقیقات کے حوالے سے وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔جیک سمتھ Jack Smith سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ان معاملات کا جائزہ لینے کے بعد محکمہ انصاف کو رپورٹ پیش کریں گے جو 2020 کے انتخابات کو الٹنے کی کوششوں اور حساس دستاویزات کے استعمال سے متعلق ہیں۔
امریکہ محکمہ انصاف کی جانب سے جیک سمتھ کے نام کا اعلان سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس اعلان کے تین روز بعد سامنے آ یا ہے جس میں انہوں نے 2024 میں ہونے والے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔سپیشل کاؤنسلز کو بعض اوقات سیاسی اور حساس معاملات کی تحقیقات کے لیے تعینات کیا جاتا ہے اور وہ جو خدمات انجام دیتے ہیں ان میں وہ محکمہ انصاف کی قیادت کے پابند نہیں ہوتے بلکہ آزادانہ طور پر کام کرتے ہیں۔نامزدگی کے بعد جیک سمتھ نے ایک بیان میں کہا کہ میری نگرانی میں تحقیقات کا سلسلہ روکا جائے گا نہ اس کی رفتار کم کی جائے گی۔ان کے مطابق میں آزادانہ طور پر فیصلے کروں گا تحقیقات کو آگے بڑھاؤں گا تاکہ حقائق اور قانون کے مطابق نتیجہ سامنے آئے۔
جیک سمتھ ان تمام معاملات کا جائزہ لیں گے اور تحقیقات کریں گے جو سرکاری اور حساس دستاویز سے متعلق ہیں۔ اس بات کا پتہ لگایا جائے گا کہ پچھلے سال ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس چھوڑنے کے بعد ان کا کیسے استعمال کیا گیا اور 2020 کے الیکشن کے بعد پرامن منتقلی اقتدار کی راہ میں رکاوٹ کیسے ڈالی گئی-اٹارنی جنرل میریک گارلینڈ کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں اسپیشل کاؤنسل کی تعیناتی ایک درست قدم ہے۔دوسری جانب سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تعیناتی کو مشکوک قرار دیا ہے۔انہوں نے فلوریڈا میں اپنی پارٹی کے کارکنوں سے گفتگو میں کہا کہ طاقت کے غلط استعمال کا یہ ایک خوفناک موڑ ہے، جس کا سلسلہ طویل عرصہ قبل شروع ہوا تھا۔
ٹرمپ کا ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کیا جائے یا نہیں، مسک کا صارفین سے مشورہ
نیویارک ، 19نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ٹویٹر کے نئے مالک ایلون مسک نے ہفتہ کو ٹوئٹر پر ایک پول شائع کردیا جس میں صارفین سے کہا گیا کہ پول میں شرکت کرکے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اکاؤنٹ کو دوبارہ چلانے کے متعلق ووٹ دیں۔ ٹوئٹر کے سابق مالکان نے ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر پابندی لگا دی تھی۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ کے مالک ارب پتی ایلون مسک نے کہا کہ سابق صدر کے ٹوئٹر اکاؤنٹ کی بحالی کے حوالے سے ابھی کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
مسک نے ٹویٹر پر ایک پوسٹ میں اعلان کیا کہ دیگر متنازعہ شخصیات جیسے کیتھی گرفن، جارڈن پیٹرسن اور بابل بی کو دوبارہ بحال کیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹوئٹر کی نئی پالیسی اظہار کی آزادی ہے، لیکن رسائی کی آزادی نہیں۔مسک کے مطابق منفی یا نفرت انگیز ٹویٹس کو زیادہ سے زیادہ ڈیمونی ٹائز کیا جائے گا جس سے ٹوئٹر سے اشتہارات یا دیگر آمدنی نہیں ملے گی۔



