بین الاقوامی خبریں

نیویارک میں چینی پولیس اسٹیشن، معاملہ کیا ہے؟

نیویارک ، 19نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) امریکہ میں ایف بی آئی، نیو یارک میں ایک غیر قانونی پولیس سٹیشن کی موجودگی کی چھان بین کر رہا ہے جو چین کے زیرِ انتظام اس نیٹ ورک کا حصہ ہے جس کے تحت دنیا بھر میں اس کے یہ اسٹیشن چل رہے ہیں۔ اس بات کا انکشاف امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر کرسٹو فر رے نے جمعرات کے روز کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکہ میں اس نوعیت کے قانون نافذ کرنے کی بیجنگ کی یہ کارروائی روک دی جائے گی۔رے نے کہاکہ چین کی یہ کارروائی،اقتدار اعلیٰ کی خلاف ورزی ہے اور قانون نافذ کرنے کے لیے باہم تعاون کے روایتی طریقہ کار کو نظر انداز کرنے کے مترادف ہے۔

ستمبر میں سپین میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم، سیف گارڈ ڈیفینڈرز نے ایک رپورٹ میں کہا تھا کہ چین نے دنیا بھر میں کم از کم 54 پولیس اسٹیشن قائم کر رکھے ہیں، جن میں سے ایک نیویارک میں اور تین ٹورانٹو میں ہیں۔ گروپ کا کہنا تھا کہ اس کی یہ فہرست باضابطہ بیانات کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے تاہم اصل تعداد اس سے زیادہ ہو سکتی ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان پولیس اسٹیشن کو بیرونِ ملک چین سے متعلق غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کی ذمے داری سونپی گئی ہے اور ساتھ ہی یہ چین کی ملک سے باہر جبر کی بڑھتی ہوئی کارروائیوں کے دہرائے جانے کو بھی ظاہر کرتے ہیں جن کے ذریعے وہ اپنی سرحدوں سے باہر بھی سیاسی نظریات کی نگرانی اور ان پر روک لگانے کی کوشش کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

Back to top button