تہران ، 22نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) ایران میں اسکارف اتار کر احتجاجی تحریک کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے والی دو اداکاراؤں کو ایرانی حکام نے گرفتار کرلیا ہے۔رپورٹ کے مطابق سرکاری نیوز ایجنسی ’ارنا‘ کا کہنا ہے کہ ہنگام قاضیانی اور یتاؤون ریاحی نامی اداکاراؤں کو عوامی مقامات پر اسکارف اتارنے اور اشتعال انگیز سوشل میڈیا پوسٹ کرنے کے الزامات میں تحقیقات کے لیے طلب کیا گیا اور پھر حراست میں لے لیا گیا۔خیال رہے کہ ایران میں مہسا امینی کی ہلاکت کے خلاف ملک بھر میں گزشتہ 2 ماہ سے احتجاج جاری ہیں۔ایرانی حکام نے الزام لگاتے ہوئے کہا تھا کہ ایران میں مظاہرے اور فساد مغربی ممالک کی حکمت عملی کی ذریعے پھیلائے جارہے ہیں۔
سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق ہینگامہ قاضیانی نے مظاہرین کے خلاف کریک ڈاؤن پر سخت تنقید کی تھی اور ان کو مظاہرین کی حمایت کرنے پر گرفتار کیا گیا۔52 سالہ فلم اسٹار نے پہلے ہی عندیہ دے دیا تھا کہ انہیں عدلیہ کی جانب سے طلب کیا جائے گا، بعد ازاں انہوں نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر حجاب اتارنے کی ویڈیو جاری کی۔انہوں نے لکھا کہ اس دوران میرے ساتھ جو بھی ہو، یہ جان لیں کہ میں ہمیشہ کی طرح اپنی آخری سانس تک ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہوں گی، معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے یہ ویڈیو ایک شاپنگ اسٹریٹ پر ریکارڈ کی جہاں ہینگامہ قاضیانی کو بغیر اسکارف کے دیکھا جاسکتا ہے۔



