قومی خبریں

کانگریس نے ہمیشہ سردار پٹیل کو نظر انداز کیا ،امت شاہ کا اِلزام

احمد آباد، 23نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) آنند ضلع کے کھم بھات میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کانگریس پر سردار پٹیل کو نظر انداز کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے سردار پٹیل کی توہین کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ کانگریس نے صرف سردار پٹیل کے نام کا استعمال کیا اور انہیں بھارت رتن دینے میں بھی نظر انداز کیا، جسے کوئی بھول نہیں سکتا۔ جبکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کیوڈیا میں دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ نصب کرکے سردار پٹیل کو حقیقی خراج عقیدت پیش کیا۔گجرات اسمبلی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں، بی جے پی لیڈروں نے منگل کو 93 میں سے 75 اسمبلی سیٹوں کے لیے بڑے پیمانے پر مہم چلائی۔ اس کے تحت مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کھمبھات میں ایک جلسہ عام کیا۔ اپنی تقریر میں انہوں نے کانگریس کی ناکامی اور بی جے پی کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

کانگریس پر طنز کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ کانگریس ہر جگہ بورڈ لگا کر کہتی کہ کانگریس کا کام بولتا ہے، لیکن کانگریس ریاست میں 1990 کے بعدسے اقتدار میں نہیں ہے، پھر یہ کام کون کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے گزشتہ 27 سال کے دور حکومت میں ریاست کو بدل دیا ہے۔ شاہ نے غریبی اور بے روزگاری کے لیے کانگریس کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ انہوں نے انتخابات کے وقت کانگریس لیڈروں کی سرگرمی پر بھی طنز کیا اور کہا کہ انتخابات دیکھ کر کانگریس لیڈر نئے نئے کپڑے سلا کر کے تیار ہو گئے ہیں۔

اپنی تقریر میں شاہ نے آرٹیکل 370، ایودھیا میں رام مندر اور تین طلاق کے مسئلہ پر نریندر مودی حکومت کی کامیابیوں کا تذکرہ بھی کیا۔امت شاہ نے کانگریس پر صرف غریبوں کا خون پینے کا الزام لگایا۔ جلسہ عام کے اختتام پر انہوں نے عوام کو خبردار کیا کہ وہ کانگریس کو جیتنے نہ دیں، اور انتباہ دیا کہ بصورت دیگر فرقہ وارانہ فسادات کا دور دوبارہ شروع ہو جائے گا۔

متعلقہ خبریں

Back to top button