صحت اور سائنس کی دنیا

نزلہ و زکام✍️ڈاکٹر حکیم محمد فاروق اعظم حبان قاسمی،بنگلور

یہ مرض موسم کی تبدیلی کے وقت نزلہ و زکام کی شدت کے باعث ہوا کرتا ہے،

یہ ایک متعدی مرض ہے، جس سے ناک کی اندرونی لعاب دار جھلی میں سوجن ہوجاتی ہے، ناک بہتی ہے اور سر میں درد ہوتا ہے۔ اگر رقیق مادہ ناک سے نکلے اور سوزش ہو تو زکام اور اگر مادہ حلق کی طرف یا سینہ میں گرے تو اسے نزلہ کہتے ہیں۔ اس مرض کا باعث ایک خورد بینی کیڑا ہے، جس کا اصطلاحی نام (مائیکرو کا کس کٹارے لس یعنی جرثومہ) زکام ہے، یہ مریض کی ناک کی ریزش اور منہ کے تھوک میں پایا جاتا ہے، بناوٹ میں یہ کیڑا نمونیہ کے کیڑے سے ملتا جلتاہے۔

یہ مرض موسم کی تبدیلی کے وقت نزلہ و زکام کی شدت کے باعث ہوا کرتا ہے، بعض اوقات یہ وبائی صورت اختیار کرلیتا ہے، جسے زکام وبائی (انفلوئنزا) کہتے ہیں، جسے بخاروں کی قسم میں شمار کیا جاتا ہے۔

ٹھنڈلگ جانا، پانی میںبھیگ جانا، ٹھنڈی ہوا میں پھرنا، سیلی زمین پر بیٹھنا، خراش دار ابخارات کے ناک میں چلے جانے سے بھی یہ ظاہر ہوجاتا ہے بعض مریضوں میں یہ موروثی ہوتا ہے۔ اکثر افراد میں یہ مرض اور حساسیت یعنی الرجی کی وجہ سے بار بار نمودار ہوتا رہتا ہے۔

علامات: شروع میں طبیعت سست ہوتی ہے، کام کاج میں جی نہیں لگتا، پیشانی میں جکڑن اور کنپٹی پر بوجھ معلوم ہوتا ہے، چھینکیں آتی ہیں سر میں ہلکا ہلکا درد اور ناک گھٹی ہوئی اور خشک ہوتی ہے، خراش دار مواد کے بہنے سے ناک کے نتھنوں کے کنارے سرخ اور درد ناک ہوجاتے ہیں گلا درد کرتا ہے، شدید صورت میںہوائی نالیوں میں خراش ہوکر کھانسی آنے لگتی ہے، بخار ہوجاتا ہے، جو 101 سے 102 درجہ تک ہوسکتا ہے، ناک سے نکلنے والا مواد پہلے پتلا لیکن بعد میں گاڑھا ہوجاتا ہے اور زیادہ خارج ہونے لگتا ہے، پھر آہستہ آہستہ ناک کی جھلی کا ورم دور ہوجاتا ہے، چار پانچ دن تک تمام علامات دور ہوکر مریض کو آرام ہوجاتا ہے، کبھی یہ مرض وبائی صورت بھی اختیار کرلیتا ہے۔

طریقۂ علاج: اس مرض کے علاج میں مریض کو قبض نہ ہونے دینا چاہئے، سردی اور ٹھنڈے پانی سے محفوظ رکھناضروری ہے اور تسکین دینے والی ادویہ کا استعمال مرض کو جلدی دور کردیتا ہے۔ شروع مرض میں جب رطوبت جاری ہوچکی ہوں تو اس کو غلیظ کرکے خارج کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔

معمولی زکام تو صرف چائے یا کافی وغیرہ پینے سے بھی دور ہوجاتا ہے یا جوشاندہ نزلہ کی ایک خوراک چائے کے ایک کپ کے بقدر لینے سے آرام ہوجاتا ہے، اس سلسلہ میںطلسمات عمرانی کا سونگھنا بھی مفید ہے، ناک میں بھی اس کو لگائیں، جب بار بار زکام ہو یا دیر تک رہے تو تبدیلی آب و ہوا بھی اس کا مؤثر علاج ہے۔

ھو الشافی: گل بنفشہ دس گرام، گاؤ زبان چھ گرام، عناب دس عدد، سپستاں 22 عدد، سونف چھ گرام، تمام ادویات کا سفوف تیار کریں۔ خوراک چھ گرام، 100 گرام پانی میں ڈال کر حسب ضرورت شکر ملاکر پکاکر چھان کر نیم گرم پی لیں۔ اس کی تین چار خوراک سے ہی نزلہ و زکام کو بالکل آرام ہوجاتا ہے۔

گل بنفشہ چھ گرام، تخم خطمی چھ گرام، سپستاں گیارہ دانے، گاؤ زبان چھ گرام، گل نیلو فر پانچ گرام، اصل السوس تین گرام، بہی دانہ تین گرام، سب کو 150 گرام پانی میںجوش دیکر شکر سفید شامل کرکے صبح کے وقت پلائیں نئے و پرانے نزلہ کیلئے نہایت مفید ہے۔

معجون دائمی نزلہ و زکام: خشخاس 250 گرام، الائچی خورد 15 گرام طباشیر 10 گرام، مغز سونف 125 گرام، کالی مرچ 10 گرام، مغز بادام 125 گرام، چینی سب کے برابر یعنی 500 گرام۔

بنانے کا طریقہ: خشخاش کو دودھ گائے میں بھگوئیں، صبح گھوٹ کر چھان لیں۔ اب چھنے ہوئے پانی میں چینی ملا کر قو ام بنالیں، بعد میں خشخاش کے پھوک کو گائے یا بھینس کے خالص گھی میں بھون کر شامل کریں اور دوسری ادویات بھی ملا کر معجون تیار کریں، 10 گرام صبح و شام نیم گرم دودھ سے استعمال کریں، کمزوری دماغ کی وجہ سے ہونے والے دائمی نزلہ و زکام کے لئے مفید ہے۔

معجون برشعشا: فلفل سیاہ، بزر البنج سفید ہر ایک 20 گرام، افیون ایک گرام، زعفران 5 گرام، سنبل الطیب، عقر قرحا، فرفیون ہر ایک ایک گرام، دواؤں کو علیحدہ علیحدہ کوٹ کر بعدہ ٹھیک وزن کرکے تین گناشہد خالص میں ملا کر تین مہینے تک جو میں دفن رکھیں، بعدہٗ چار سے چھ گرام تک ہمراہ عرق گاؤ زبان استعمال کرائیں، پرانے نزلہ اور زکام کیلئے نہایت اعلیٰ اور مفید علاج ہے۔

جند بیدستر، زعفران ہر ایک 20 گرام، رب السوس، دار چینی دس دس گرام، افیون ایک گرام، گوندکیکر، گوندکتیرا، نشاستہ ہر ایک دس گرام، سب کو پیس کر گولیاں بقدر کالی مرچ بناکر دو گولیاں روزانہ استعمال کریں۔

سفوف مقوی دماغ: گل بنفشہ 20 گرام، پھول گلاب 20 گرام، گاؤ زبان کے پتے 20 گرام، اسطخدوس 20 گرام، چھلکا ہر ڑ زرد 20 گرام، مغز دھنیاں مدبر 20 گرام، مغز بادام 20 گرام، مصری 150 گرام، تمام ادویات کا سفوف تیار کریں، خوراک چھ سے نوگرام تک ہمراہ دودھ ، صبح یا رات کو لینا دائمی نزلہ اور زکام و دائمی کمر درد دماغ و سر درد کیلئے مفید ہے۔

برائے نزلہ دائمی: کشتہ مرجان ایک چاول کے بقدر ہمراہ خمیرہ گاؤ زبان عنبری چھ گرام صبح نہار منہ اور شام چار بجے ہمراہ آب تازہ دیں، رات کو اطریفل اسطخدوس 9 گرام ہمراہ گرم پانی لیں۔

برائے نزلہ و زکام: بہدانہ تین گرام، عناب چھ عدد، سپستاں دس عدد، عناب اور سپستاں کو 120 گرام پانی میں جوش دیں بہی دانہ کو 50 گرام پانی میں بھگوئیں، لعاب الگ کر کے جوشاندہ میں ملا کر شکر سے میٹھا کر لیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button