قومی خبریں

جمعیۃ علماء ہند (میم )کا 34واں اجلاس عام رام لیلا میدان میں ہوگا منعقد

جلاس کی عمومی نشست میں بلاتفریق مذہب وملت ملک کے سبھی طبقات کے سرکردہ افراد شریک ہوں گے

نئی دہلی ، 29 نومبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) جمعیۃ علما ہند کا چونیتسواں (34) اجلاس عام 10 فروری 2023ء کو دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان میں 5 بجے شام سے شروع ہوگا۔ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا محمود اسعد مدنی کے زیر صدارت منعقد ہونے والے اجلاس عام کی آخری و عمومی نشست 12 فروری بروز اتوار صبح نوبجے منعقد ہوگی ، جس میں کثیر تعداد میں عوام بھی شریک ہوں گے۔اجلاس کی عمومی نشست میں بلاتفریق مذہب وملت ملک کے سبھی طبقات کے سرکردہ افراد شریک ہوں گے۔یہ اجلاس ملک کے موجودہ حالات بالخصوص ملک میں بڑھتی منافرتی مہم ، اسلامو فوبیا، نسل کشی کے خطرات ، آزاد مدارس اسلامیہ کے سلسلے میں جاری سرکاری کارروائیوں کے پس منظر میں کافی اہم ہے ، اس کے علاوہ اجلاس میں مسلمانوں کے لیے ریزرویشن، اقلیتوں کے تعلیمی و اقتصادی حقوق اور مسلم اوقاف کے تحفظ کی تدابیر پر لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

نیز اسلامی تعلیمات کے سلسلے میں غلط فہمیوں کے ازالے ، میڈیا کے ذریعے اسلام مخالف اور شان اقدس صلی اللہ علیہ وسلم میں گستاخی و افترا پردازی پر بھی غور کیا جائے گا۔مذکورہ بالا موضوعات اجلاس عام کے ایجنڈے میں بھی شامل ہیں۔10فروری کو بعد نماز مغرب پہلی نشست اور 11فروری کو صبح نو بجے تا ایک بجے دوسری نشست ، جمعیۃ علماء ہند کے مر کزی و صوبائی مجالس منتظمہ کے ارکان و مدعوئین پر مشتمل ہو ں گی۔ 11فروری کو بعد نماز مغرب شان اقدس صلی اللہ علیہ وسلم کی مدحت و منقبت کے لیے نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوگا۔12فروری کو صبح نو بجے سے عمومی اجلاس میں گزشتہ نشستوں میں منظور کردہ اہم تجاویز پیش ہوںگی ، اس کے علاوہ مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی شخصیات شریک ہو کر اظہار خیال کریںگی اور فیصلے کیے جائیںگے۔

اجلاس عام کی تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند مولانا حکیم الدین قاسمی نے جمعیۃ علماء ہند کی مرکزی و صوبائی مجالس منتظمہ کے ارکان گرامی و مدعوئین خصوصی حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ان تاریخوں کو نوٹ فرمالیں اور اس کے مطابق سفر کی تیاری فرمائیں۔انھوں نے کہاکہ حالانکہ ارکان کو باضابطہ دعوت نامہ جاری کیا جارہا ہے ، تاہم اگر کسی رکن کو دعوت نامہ موصول نہ ہو تو اس تحریر کی روشنی میں اجلاس میں شرکت کو اپنی تمام ضروریات و مصروفیتوں پر مقدم کریں اور تشریف لا کر اپنے مفید مشوروں ، تعاون اور رہنمائی سے نہ صرف جماعت بلکہ پوری ملت اسلامیہ کو مستفیض فرمائیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button