فیض پور میں ’کہاٹک برادری‘ کے 53 جوڑوں کا اجتماعی نکاح
نکاح کو آسان بناکر زنا کا سد ِباب کریں، رحمتیں نازل ہوں گی : مفتی ہارون
جل گاؤں /ممبئی ، 29 نومبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)نکاح نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت اور انسانی سماج کی ضرورت ہے ،اللہ نے اس پاک رشتے سے پوری انسانیت کو وجود بخشا ،نکاح کو قرآن نے مرد و عورت کے لئے سکون کہا۔ اِس پاک رشتے سے پورے انسانی سماج میں پاکیزگی پھیلے گی ،زنا ،حرام کاری،بدکاری ختم ہوگی،اسی لئے حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ نکاح کو آسان کرو اور یہ بھی فرمایا کہ جو نکاح کم خرچ میں ہوا ہے ، اْس میں برکت ہوگی ،فضول خرچی نے نکاح کو مشکل بنا دیاہے۔یہ باتیں مفتی ہارون 53جوڑوں کے احتماعی نکاح کے موقعہ پر کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں مبارک باد دیتا ہوں ان لوگوں کو جو اجتماعی نکاح کرکے کے امت مسلمہ کیلئے نکاح جیسی عظیم ترین عبادت کو آسان کر رہے ہیں۔
معاشرہ کا ہر ایک طبقہ اس سمت قدم بڑھائے ۔ مفتی محمد ھارون ندوی نے اپنے خطاب میں مسلمانوں کو تعلیم پر خرچ کرنے کی ترغیب دی ،تقریباً ۵۱/ ہزار لوگوں کے کھانے کا انتظام رکھا گیا تھا ،اور خاص بات یہ رہی کہ سیاسی رسومات سے یہ اجتماع پاک رہا ،اور اتنے سارے نکاح صبح ۱۱ بجے ہی مکمل ہوگئے ۔مفتی ہارون کے خطبہ نکاح اوردُعا کے بعد آنے والے مہمانوں میں علاقے کے ایم ایل اے شریش چودھری ،جل گاؤں شہر سے پرتیبھا تائی شندے ،منیش دادا جین ،عبدلکریم سالار،جناب اعجاز ملک ،وہاب ملک ،فاروق شیخ نے برادری کے تمام ذمے دار کی انتھک محنت کو سراہا۔



