فیفا ورلڈ کپ:ایران کی امریکہ سے شکست کا جشن منانے والا شخص کا فورسز کے ہاتھوں قتل
ایران کی شکست پر جشن منانے والے ایسے ہی ایک شہری mehran samak کو ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گولی مار کر ہلاک کردیا
تہران ، یکم دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)فیفا ورلڈ کپ میں ایران کی امریکہ کے ہاتھوں شکست پر جشن منانے والے شخص mehran samak کو ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق منگل کو کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے تناؤ سے بھرپور میچ میں امریکہ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ایران کو 0-1 سے شکست دے کر ورلڈ کپ دوڑ سے باہر کرنے کے ساتھ ساتھ خود اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔ایران کی شکست پر جہاں کچھ شائقین افسردہ نظر آئے وہیں صوبہ خراسان میں عوام کی بڑی تعداد نے اس شکست پر جشن منایا تھا کیونکہ ایران میں حکومت مخالف مظاہروں کے سبب شائقین کی بڑی تعداد نے ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والی ٹیم کی حمایت سے انکار کردیا تھا۔
تاہم ایران کی شکست پر جشن منانے والے ایسے ہی ایک شہری mehran samak کو ایرانی سیکیورٹی فورسز نے گولی مار کر ہلاک کردیا۔اوسلو کے ایران ہیومن رائٹس گروپ نے کہا کہ 27 سالہ mehran samak مہران سمک ساحلی شہر بندر انزالی میں اپنی گاڑی کا ہارن بجا کر ٹیم کی شکست اور ورلڈ کپ سے اخراج کا جشن منا رہے تھے کہ سیکیورٹی فورسز نے اسے گولی مار کر ہلاک کردیا۔نیویارک کے سینٹر فار ہیومن رائٹس اِن ایران نامی گروپ کے مطابق نوجوان کو ٹیم کی شکست کا جشن منانے پر ہلاک کیا گیا،گروپ نے تہران میں ہونے والے نوجوان کے جنازے کی ویڈیوز بھی شیئر کیں جس میں شرکت کرنے والوں کو’آمریت مردہ باد’ کے نعرے لگاتے دیکھا جاسکتا ہے۔
ایران: موساد کے ساتھ تعاون کرنے پر 4 افراد کو سزائے موت سنا دی گئی
تہران، یکم دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں)ایرانی عدالت نے اسرائیلی خفیہ تنظیم موساد کے ساتھ تعاون اور اغوا کی کارروائیوں کے الزام میں 4 افراد کو سزائے موت سنا دی۔ایران کی خبر ایجنسی ’مہر‘ کے مطابق ملزمان کو ایرانی سپاہ انقلاب اور وزارت انٹیلی جنس نے گرفتار کیا تھا۔ ان چار کے نام بھی بتائے گئے۔مزید تین دیگر افراد کو مبینہ طور پر قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش، اغوا میں مدد اور ہتھیاروں کے غیر قانونی قبضے کے جرم میں 5 سے 10 سال کے درمیان قید کی سزائیں بھی سنائی گئی ہیں۔واضح رہے ایرانی حکام اکثر غیر ملکی بالخصوص امریکہ اور اسرائیل کی انٹیلی جنس سروسز سے منسلک افراد کی گرفتاری کا اعلان کرتے ہیں۔گذشتہ اکتوبر میں ایران نے مغربی آذربائیجان میں اسرائیل کے لیے کام کرنے والے 10 ایجنٹوں کی گرفتاری کا اعلان کیا تھا۔
نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس نے رپورٹ کیا کہ یہ لوگ موساد کے افسران سے براہ راست ویڈیو رابطے میں تھے۔ ان ایجنٹوں نے سکیورٹی سروسز سے وابستہ لوگوں کی کاروں اور گھروں کو آگ لگا دی اور موساد کے افسران کو بھیجی گئی تصاویر کے عوض رقم وصول کی۔ایران الزام عائد کرتا ہے کہ اس کی سرزمین پر ہونے والے بہت سے حملوں کے پیچھے اسرائیل کا ہاتھ ہے۔ ان کارروائیوں میں جوہری تنصیبات میں ہونے والی تخریب کاری اور کئی نامور ایرانی سائنسدانوں کا قتل شامل ہے۔تہران نے حال ہی میں اسرائیلی اور مغربی انٹیلی جنس پر مہسا امینی کی ہلاکت کے بعد ایران میں ہونے والے مظاہروں میں مداخلت اور انہیں مشتعل کرنے کا الزام بھی عائد کیا ہے۔



