بین الاقوامی خبریں

اسحاق ہرتصوغ بحرین کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی صدر

کسی اسرائیلی سربراہ مملکت کا اس چھوٹی خلیجی ریاست کا یہ پہلا دورہ ہے۔

دبئی،5دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) اسرائیل کے صدراسحاق ہرتصوغ isaac herzog اتوار کے روز بحرین کے سرکاری دورے پرمنامہ پہنچے۔2020 میں دونوں ممالک کے درمیان معمول کے تعلقات استوار ہونے کے بعد کسی اسرائیلی سربراہ مملکت کا اس چھوٹی خلیجی ریاست کا یہ پہلا دورہ ہے۔اسرائیلی صدرکے ٹویٹر اکاؤنٹ پرپوسٹ کی گئی تصاویر کے مطابق اسحاق ہرتصوغ کا ہوائی اڈے پر بحرین کے وزیرخارجہ عبداللطیف الزیانی نے استقبال کیا۔انھوں نے ٹویٹرپراطلاع دی ہے کہ وہ شاہ حمدبن عیسیٰ آلِ خلیفہ کے علاوہ ولی عہد اور وزیراعظم شیخ سلمان بن حمدآل خلیفہ سے ملاقات کا ارادہ رکھتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وہ موسمیاتی تبدیلی اورسلامتی سے متعلق امور کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کریں گے۔بحرین کے بعد اسرائیلی صدرمتحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی جائیں گے۔

امریکہ کے یسابق صدرڈونلڈٹرمپ کی انتظامیہ کی ثالثی میں مذاکرات کے بعد 2020 میں متحدہ عرب امارات، بحرین اورمراکش نے اسرائیل کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کیے تھے۔وہ کوئی تین دہائیوں کے بعد اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے والی پہلی عرب ریاستیں تھیں۔اس سے قبل صہیونی ریاست نے ہمسایہ ملک مصر اوراردن کے ساتھ امن معاہدے کیے تھے۔ہرتصوغ نے اس ضمن میں اتوار کو ایک اور ٹویٹ کیا کہ میں اپنے خطے کی مزید ریاستوں پر زور دیتا ہوں کہ وہ اس شراکت داری میں شامل ہوں،جس سے مشرقِ اوسط میں امن و سلامتی کو تقویت ملے گی۔

انھوں نے کہا کہ مشرقِ اوسط میں امن کابڑھتا ہوا دائرہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے،خاص طور پر عالمی اور علاقائی استحکام کو درپیش خطرات کے پیش نظراس کی اہمیت ہے اور نفرت، دھمکیوں اور دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے،ایک ہی جواب ہے:دوستوں کے ساتھ اتحاد۔اسرائیل کے سبکدوش ہونے والے وزیراعظم یائرلاپیڈ نے وزیرخارجہ کی حیثیت میں گذشتہ سال ستمبرمیں بحرین کا دورہ کیا تھا اور منامہ میں اسرائیلی سفارت خانہ کا افتتاح کیا تھا۔رواں سال فروری میں اسرائیل نے بحرین کیساتھ ایک دفاعی معاہدے پردست خط کیے تھے اورنفتالی بینیٹ اس عرب ملک کا دورہ کرنے والے پہلے اسرائیلی وزیراعظم بن گئے تھے۔وہیں حماس اور عام فلسطینی عوام نے اس دورہ کی شدید مخالفت کی ہے ۔

متعلقہ خبریں

Back to top button