
ٹک ٹاک ویڈیو کریٹنگ کا نشہ جان لے گیا: ریلوے ٹریک پر ٹک ٹاک بنانے کے دوران ایک خاتون سمیت 3 ہلاک
غازی آباد میں ٹرین سے ٹکرا کر تین لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ان میں دو نوجوان اور ایک خاتون شامل ہیں۔
غازی آباد،15دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) غازی آباد میں ٹرین سے ٹکرا کر تین لوگوں کی موت ہو گئی ہے۔ ان میں دو نوجوان اور ایک خاتون شامل ہیں۔ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ یہ لوگ ریل یعنی ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے لیے ریلوے ٹریک پر گئے تھے۔ تیز رفتار سے آتی ٹرین کی زد میں آ کر تینوں کی موت ہو گئی۔ واقعہ غازی آباد کے مسوری تھانہ علاقہ کے کلو گڑھی ریلوے پھاٹک کے پاس ریلوے ٹریک پر پیش آیا۔ اطلاع ملنے پر پہنچی پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور ان کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے۔پولیس سے ملی جانکاری کے مطابق حادثہ بدھ کی شب تقریباً 9 بجے کلوگڑھی پھاٹک اور ڈاسنا اسٹیشن کے درمیان ہوا۔ پدماوت ایکسپریس غازی آباد سے مراد آباد کی طرف جا رہی تھی۔
ٹرین کے لوکو پائلٹ نے بتایا کہ تین لڑکے اور لڑکی ٹرین کی پٹری پر کھڑے تھے۔ ان کے موبائل کی فلیش لائٹ جل رہی تھی، جس سے یہ لگ رہا تھا کہ وہ ویڈیو شوٹ کر رہے ہیں۔ پائلٹ نے کئی بار سیٹی بھی بجائی، لیکن وہ ہٹے نہیں اور ٹرین کی زد میں آ کر ہلاک ہوگئے۔پولیس نے بتایا کہ مہلوکین میں سے ایک کے موبائل کی ڈسپلے اسکرین ٹوٹ گئی، لیکن وہ کام کر رہا تھا۔ اس موبائل کے ذریعہ ایک مہلوک کی شناخت پچیس سالہ شکیل ولد بشیر کے طور پر ہوئی ہے۔ وہ مسوری میں کھاچا روڈ کا رہنے والا تھا اور ٹیکسی چلاتا تھا۔ لیکن باقی دو مہلوکین کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولیس کے مطابق لوکو پائلٹ نے پولیس کو جو میمو بھیجا ہے، اس میں ویڈیو بنانے کے چکر میں ٹرین سے کٹنے کی بات لکھی ہے۔



