کسان تحریک پربالی ووڈ اسٹارکی خاموشی پر نصیرالدین شاہ برہم
ممبئی: (اردودنیا.اِن)زرعی قوانین کے خلاف جاری کسانوں کی تحریک پر بالی ووڈ کے سابق اسٹار ز کی خاموشی پر نصیرالدین شاہ نے سخت حملہ کیا ہے۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ ہماری فلمی صنعت کی عظیم شخصیات خاموش بیٹھی ہیں، کیونکہ انہیں ڈر ہے کہ ان کا کچھ کھوجائے گا،ارے بھائی جب آپ نے اتنا پیسہ کمایا ہے کہ آپ کی 7 نسل بیٹھ کر کھا سکتی ہیں تو آپ کو کس چیز کے کھو جانے کا ڈر ہے ؟
اسٹارز نے سات نسل تک کیلئے کمالیا، پھر بولنے میں خوف کیوں: نصیرالدین شا ہ
نصیرالدین شاہ نے کہا کہ اگر سب کچھ تباہ ہوگیا،تو آپ کو اپنے دشمنوں کا شور نہیں ملے گا، بلکہ آپ کو اپنے دوستوں کی خاموشی کا سامنا کرنا ہوگا۔ ہم یہ نہیں کہہ سکتے کہ سردیوں میں اگر کسان مظاہرہ کررہے ہیں ،توہمیں کیا فرق پڑے گا۔تاہم مجھے امید ہے کہ کسانوں کا یہ مظاہرہ وسیع ہو گا اور عام لوگ بھی اس میں شامل ہوں گے۔ مجھے یقین ہے کہ خاموش رہنا ظالموں کی حمایت کرنا ہے ۔
نصیرالدین شاہ نے یہ بھی طنزاً کہا کہ اگر آج کے دور میں آپ ہندوستانی ٹریفک قوانین پر عمل نہیں کرتے ہیں تو ملک دشمن بنا دیا جائے گا۔ اگر آپ یہ کہتے ہیں کہ ہم ہندوستانی ایک دوسرے کا احترام نہیں کرتے ہیں، تو آپ کوغدارہونے کا تمغہ دے دیا جائے گا۔ اگر آپ کہتے ہیں کہ آپ کو ہندی فلمیں پسند نہیں ہیں تو آپ پھر بھی غدار ہیں، آپ کو پاکستان چلے جانا چاہئے۔ نصیرالدین شاہ نے لاک ڈاؤن پر بھی سوال اٹھایا۔
انہوں نے بتایا کہ کوڈ کے دوران دو سے چار گھنٹے بعد لاک ڈاؤن کا اعلان کیا گیا، پتہ نہیں یہ جائز تھا یا نہیں، ہر ایک کی اپنی اپنی رائے ہے۔ لیکن شاہین باغ تحریک کو ختم کرنا ضروری تھا، یہ ایک بہت بڑا اقدام تھا اور یہ کام ہوچکا ہے،اب جبکہ برڈ فلو پھیل چکا ہے ، میرے خیال میں حکومت کسانوں کی تحریک کو ختم کرنے کے لئے اس بہانے کا استعمال کرے گی۔نصیرالدین شاہ نے مزید کہا کہ یوپی میں لوَ جہاد کا تماشہ جاری ہے،
اولاً جن لوگوں نے یہ جملہ وضع کیا ہے ، وہ یہ نہیں جانتے کہ اس کا کیا مطلب ہے۔ دوم ، مجھے یقین نہیں ہے کہ کوئی اتنا بیوقوف ہوگا کہ اسے واقعتا یہ لگے کہ ایک دن ملک میں مسلمانوں کی تعداد ہندوؤں سے زیادہ ہوجائے گی۔



