بلڈوزر کے ’استعمال ‘سے متأثر ہوکر دولہے’ یوگی‘ کوجہیز میں ملا بلڈوزر
یوپی کے ضلع ہمیر پور میں ایک انوکھی شادی موضوع بحث بن گئی۔
ہمیر پور ،17دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) یوپی کے ضلع ہمیر پور میں ایک انوکھی شادی موضوع بحث بن گئی۔ اس شادی میں دولہا یوگی کو جہیز میں بلڈوزر دے دیا گیا ہے۔ اب بلڈوزر کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہیں۔ دراصل شادی کے تحفے کے طور پر بلڈوزر دینے کا پہلا معاملہ سامنے آیا ہے۔ لوگ جہیز کے اس بلڈوزر کا خوب چرچا کر رہے ہیں۔ دراصل ضلع کے سمر پور تھانہ کے دیوگاؤں کے رہنے والے سوامیدین چکرورتی کا بیٹا یوگیندر عرف یوگی ہندوستانی بحریہ میں کام کر رہا ہے۔ باپ نے اپنے بیٹے یوگی کی شادی اس تھانہ علاقے کے ساکھر گاؤں کے رہنے والے پرسرام پرجاپتی کی بیٹی نیہا پرجاپتی سے کرائی ہے۔
نیہا سول سروسز کی تیاری کر رہی ہے۔ یوگیندر عرف یوگی اور نیہا پرجاپتی کی شادی 15 دسمبر کی رات سمر پور قصبے کے میں ہوئی تھی اور 16 دسمبر کو جب الوداع ہوا تو دلہن کے والد پرسرام پرجاپتی نے جہیز کا بلڈوزر دے کر سب کو حیران کر دیا۔
یوگیندر یوگی اور نیہا پرجاپتی کی شادی میں بطور تحفہ ملا بلڈوزر ضلع سمیت پوری ریاست میں سرخیوں میں آگیا۔ دلہن کے فوجی باپ نے داماد یوگی کو جہیز میں بلڈوزر دے کر ریاست میں اپنی الگ پہچان بنائی ہے۔ لڑکی کے والد پرسرام نے بتایا کہ اگر بیٹی نیہا کو جہیز میں گاڑی دیتی تو وہ کھڑی ہوجاتی، لیکن بلڈوزر کام کرے گا اور بیٹی کو قیمت ملے گی۔ واضح رہے کہ ریاست کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی شناخت ’بلڈوزر بابا‘ کے طور پر کی جاتی ہے۔ اب یوگی کے عرفی نام یوگیندر چکرورتی کو جہیز میں بلڈوزر ملنے کے بعد ایک نئی روایت شروع ہو گئی ہے۔



