قومی خبریں

جیل میں بند پی ایف آئی سربراہ ابو بکر کی ہاؤس اریسٹ سے متعلق عرضی دہلی ہائی کورٹ سے خارج

ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی (پاپولر فرنٹ آف انڈیا) کے صدر ابو بکر کی صحت کی بنیاد پر ہاؤس اریسٹ (گھر پر نظر بندی) کا مطالبہ والی عرضی کو خارج کر دیا ہے

 PFI chief Abu Bakr نئی دہلی ، 19 دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) پی ایف آئی سربراہ ای ابو بکر اس وقت عدالتی حراست میں ہیں اور انھیں آج دہلی ہائی کورٹ نے ایک زوردار جھٹکا دیا ہے۔ عدالت نے پیر کے روز ممنوعہ تنظیم پی ایف آئی (پاپولر فرنٹ آف انڈیا) کے صدر ابو بکر کی صحت کی بنیاد پر ہاؤس اریسٹ (گھر پر نظر بندی) کا مطالبہ والی عرضی کو خارج کر دیا ہے۔ جسٹس سدھارتھ مردل اور رجنیش بھٹناگر کی ڈویژنل بنچ کا کہنا ہے کہ جب آپ میڈیکل ضمانت کا مطالبہ کر رہے ہیں تو ہم آپ کو آپ کے گھر کیوں بھیجیں؟ ہم آپ کو اسپتال بھیجیں گے۔ عدالت نے ایک میڈیکل رپورٹ کا جائزہ بھی لیا جس میں کہا گیا تھا کہ ابو بکر کو 22 دسمبر کو اونکو-سرجری محکمہ (Department of Surgical Oncology) میں دکھانا ہے۔

دہلی ہائی کورٹ نے آج ہوئی سماعت کے دوران ابو بکر کے بیٹے کو اس بات کی اجازت دی کہ وہ اپنے والد کے ساتھ ایسے اوقات میں موجود رہ سکتے ہیں جب انھیں علاج سے متعلق عمل سے گزرنا ہوگا یا اس کے لیے مشورے دیئے جائیں گے۔ ساتھ ہی عدالت نے معاملے کی سماعت 6 جنوری کے لیے فہرست بند کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سماعت کی آئندہ تاریخ پر ایمس کے Department of Surgical Oncology کے ذریعہ پیش کردہ صلاح اور علاج داخل کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ این آئی اے (قومی جانچ ایجنسی) نے ایمس کے ذریعہ تحریر ابو بکر کی ہیلتھ رپورٹ پیش کر دی تھی۔

علاوہ ازیں اس سے قبل 30 نومبر کو دہلی کی ایک عدالت نے ابو بکر کے ذریعہ داخل ہاؤس اریسٹ کی عرضی کو خارج کر دیا تھا اور این آئی اے کو بیماریوں و علاج کی صلاح پر ایمس کے ذریعہ تحریر میڈیکل افسر کی رائے کو شامل کرتے ہوئے ایک اسٹیٹس رپورٹ داخل کرنے کے لیے کہا تھا۔واضح رہے کہ ابو بکر کو این آئی اے نے 22 ستمبر کو گرفتار کیا تھا اور غیر قانونی سرگرمی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے الزامات کے تحت معاملہ درج کیا گیا تھا۔ وہ 6 اکتوبر سے عدالتی حراست میں ہیں۔

متعلقہ خبریں

Back to top button