’مرے اللہ برائی سے بچانا مجھ کو ‘ سے ہندو شدت پسند تنظیم سیخ پا مبینہ دعویٰ کے تحت شکایت،دو مسلم اساتذہ کیخلاف مقدمہ درج
اسکول میں علامہ اقبالؒ کی بچوں کے لیے لکھی گئی مشہور زمانہ حمد ’میرے اللہ برائی سے بچانا‘ کے اشعار پر مشتمل ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہندو تنظیموں نے مقدمہ درج کرایا ہے
بریلی ، 22دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیاں) بریلی کے سرکاری اسکول کے دو اساتذہ کے خلاف اسلامی رسومات کے مطابق نماز پڑھنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اسکول میں علامہ اقبالؒ کی بچوں کے لیے لکھی گئی مشہور زمانہ حمد ’میرے اللہ برائی سے بچانا‘ کے اشعار پر مشتمل ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ہندو تنظیموں نے مقدمہ درج کرایا ہے۔ ہندو تنظیموں کا الزام ہے کہ مبینہ طور پر مسلم اساتذہ ہندو جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا کام کر رہے ہیں۔ اس حمد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دونوں مسلم اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کی گئی ہے۔ وہیں بی ایس اے نے ملزم استاد کو معطل کر دیا ہے۔یہ معاملہ تھانہ فرید پور کے کملا نہرو اسکول سے متعلق ہے۔ مقامی ہندو تنظیموں نے الزام لگایا ہے کہ ٹیچر نائیک صدیقی اور شکچھا متر وزیرالدین ہندوؤں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی نیت سے جان بوجھ کر طلباء کو اسلامی طریقے کے مطابق مورننگ اسمبلی پر مجبور کر رہے ہیں۔
ان ہندو تنظیموں کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ بچوں کو اسی طرح مورننگ اسمبلی کیلئے مجبور کیا جارہا ہے۔ الزام یہ بھی ہے کہ دونوں اساتذہ طلبہ کو اسلام کی طرف راغب کرنے کے مقصد سے یہ کام کر رہے ہیں۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ دیہی راج کمار اگروال نے بتایا کہ ایک اسکول میں مورننگ اسمبلی کا ویڈیو وائرل ہوا تھا۔ معاملہ میں شکایت ملنے کے بعد ملزم اساتذہ کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ تحقیقات میں جو بھی حقائق سامنے آئیں گے اس کے مطابق قانونی کارروائی کی جائے گی۔



