قومی خبریں

بھارت جوڑو یاترا: راہل گاندھی کی محبوب الٰہی حضرت نظام الدین اولیاءؒ کے آستانہ کی حاضری

تین ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ہفتہ کی صبح بدر پور سرحد سے دہلی میں داخل ہوئی

نئی دہلی ، 24دسمبر:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) بھارت جوڑو یاترا کے دوران کانگریس لیڈر راہل گاندھی نے محبوب الٰہی حضرت نظام الدین اولیا کی درگاہ پر حاضری دی، درگاہ ذمہ دار سلمان نظامی نے ان کا خیر مقدم کیا۔درگاہ پر انہوں نے چادراور پھول پیش کئے۔اس موقع پر بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔تین ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کرنے کے بعد راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا ہفتہ کی صبح بدر پور سرحد سے دہلی میں داخل ہوئی۔ راہل کا قافلہ انڈیا گیٹ سے بھی گزرے گا۔ پارٹی کے سرکردہ قائدین، فنکار، کھلاڑی، نوجوانوں کے ساتھ ساتھ تمام طبقات اور برادریوں کے لوگ اور ہزاروں پارٹی کارکنان بھی یاترا میں شرکت کر رہے ہیں۔راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا میں سونیا گاندھی اور پرینکا گاندھی نے بھی شرکت کی۔ دہلی کانگریس کے مطابق، یاترا 23 کلومیٹر کا فاصلہ طے کرے گی اور ہفتے کی شام 4.30 بجے لال قلعہ پر ختم ہوگی۔

اس کے بعد سفر میں 9 دن کا وقفہ ہوگا۔خیال رہے کہ راہل نے کنیا کماری سے پچھلے 107 دنوں میں تین ہزار کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی پولیس نے دو درجن سے زیادہ مقامات پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیاہے۔ راہل نے دہلی میں کہاکہ میں نے آر ایس ایس اور بی جے پی کے لوگوں سے کہا ہے کہ ہم آپ کے نفرت کے بازار میں محبت کی دکان کھولنے آئے ہیں۔راہل کی بھارت جوڑو یاترا دہلی پہنچی تو اس پر سیاست بھی تیز ہوگئی۔ مرکزی وزیر انوراگ ٹھاکر نے کہا کہ ملک میں کووڈ کے معاملات میں دوبارہ اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، لیکن کانگریس مرکز ی حکومت کے اعلان کردہ کووڈ پروٹوکول پر عمل نہیں کر رہی ہے۔پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ یاترا کے راستے سے دور جانے والی سڑک یا بائی پاس کا استعمال کریں۔

اس کے علاوہ، اپنی گاڑی کے بجائے پبلک ٹرانسپورٹ سے آئیں۔ بدر پور فلائی اوور، پرہلاد پور ریڈ لائٹ، مہرولی بدر پور روڈ، اپولو فلائی اوور، متھرا روڈ سی آر آر آئی ریڈ لائٹ، متھرا روڈ، مودی مل فلائی اوور، آشرم چوک پر یاترا کی وجہ سے ٹریفک کو موڑ دیا گیا ہے۔اسی طرح اینڈریوز اسٹریٹ، کیپٹن گوڑ مارگ، لاج پت نگر فلائی اوور کے نیچے، نظام الدین فلائی اوور، پرگتی میدان ٹنل، آئی پی فلائی اوور کی طرف، سبرامنیم بھارتی مارگ/ذاکر حسین مارگ کراسنگ، متھرا روڈ/شیرشاہ روڈ ٹی پوائنٹ، کیو پوائنٹ، آر/ٹریفک۔ جسونت سنگھ، منڈی ہاؤس، وکاس مارگ (یمونا پل/لکشمی نگر شکرپور سائیڈ)، منٹو روڈ ریڈ لائٹ، گرو نانک چوک، راج گھاٹ چوک علاقوں میں موڑ دیا گیا تھا۔واضح ہو کہ بھارت جوڑو یاترا ہفتہ کی رات سے 9 دن تک وقفہ پر رہے گی۔ 3 جنوری کو غازی آباد کے لونی سرحد سے اتر پردیش میں یاترا کا داخلہ ہوگا۔ 4 جنوری کو باغپت سے 5 جنوری کو شاملی کے راستے اور 6 جنوری کو کیرانہ سے ہوتے ہوئے راہل کی یاترا دوسرے مرحلہ میں ہریانہ کے سونی پت میں داخل ہوگی۔

متعلقہ خبریں

Back to top button