پی ایم مودی کی والدہ کی طبیعت ناساز ،عیادت کیلئے مودی اسپتال پہنچے
پی ایم مودی کی والدہ ہیرا بین کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں احمد آباد کے یو این مہتا اسپتال میں داخل کرایا گیا
احمد آباد،28دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)پی ایم مودی کی والدہ ہیرا بین کی طبیعت بگڑ گئی جس کے بعد انہیں احمد آباد کے یو این مہتا اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔اسپتال کے مطابق ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ وہیں میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم مودی بھی اپنی ماں سے ملنے اسپتال پہنچ گئے ہیں۔ اس دوران گجرات کے وزیر صحت نے اسپتال پہنچ کر ہیرا بین کی خیریت دریافت کی۔بتا دیں کہ ہیرا بین کی عمر 100 سال سے زیادہ ہے اور تاہم اب بھی وہ کافی متحرک ہیں۔ اس سال جون کے مہینے میں انہوں نے اپنی 100ویں سالگرہ منائی۔ اس موقع پر پی ایم مودی نے ان کے پاؤں دھو کر آشیرواد لیا۔
یو این مہتا اسپتال انتظامیہ نے تازہ ترین رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پی ایم مودی کی والدہ ہیرا بین مودی کو احمد آباد کے یو این مہتا انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اینڈ ریسرچ سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے اور ان کی صحت کی حالت فی الحال مستحکم ہے۔ہیرا بین مودی نے کورونا کے دور میں ویکسین اس وقت لی جب لوگ اسے لینے سے ڈرتے تھے۔ ہیرا بین کے اس قدم کو دیکھ کر بہت سے لوگ ویکسین لینے کے لیے آگے آئے۔ یہی نہیں بلکہ وہ پولنگ اسٹیشن جاتی ہیں اور الیکشن میں ووٹ ڈالتی ہیں۔خیال رہے کہ راہل اور پرینکا گاندھی نے پی ایم مودی کی والدہ کی صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔



