ریاض ، 31دسمبر :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)گزشتہ ماہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو خیرباد کہنے والے 37 سالہ فٹ بال کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو کو بالآخر ان کا نیا فٹ بال کلب مل گیا۔رونالڈو اب سعودی عرب کے فٹ بال کلب النصر کی جانب سے ایکشن میں نظر آئیں گے۔سوشل میڈیا پر النصر فٹ بال کلب نے پرتگال کے کپتان کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کلب کی جرسی دینے کی تصاویر شیئر کیں۔ سعودی کلب سے ڈھائی سال کے معاہدہ کی مد میں پرتگالی کھلاڑی کو ایک اندازے کے مطابق سالانہ 175 ملین یوروز ادا کیے جائیں گے۔ جو کسی بھی اسپورٹس میں کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا معاہدہ ہے۔ورلڈ کپ فٹ بال سے قبل کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے سابق کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کی انتظامیہ کے خلاف برطانوی صحافی پیئرس مورگن کو ایک انٹرویو دیا تھا جس کے بعد ان کے کلب نے ان کا کانٹریکٹ منسوخ کردیا تھا۔
تب سے لے کر اب تک کرسٹیانو رونالڈو کو ایک نئے فٹ بال کلب کی تلاش تھی جو بالآخر النصر فٹ بال کلب پر آکر رک گئی۔کلب انتظامیہ نے رونالڈو کی آمد پر بیان جاری کرتے ہوئے اس معاہدے کو تاریخی قرار دیا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس معاہدے سے نہ صرف ان کا کلب کامیابیوں کی مزید منزلیں طے کرے گا ،بلکہ ان کی فٹ بال لیگ، ان کی قوم اور آنے والی نسلوں کو بھی رونالڈو سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔خود کرسٹیانو رونالڈو نے کہا کہ وہ بھی ایک مختلف ملک میں ایک نئی فٹ بال لیگ کا تجربہ کرنے کے لیے بے چین ہیں۔پانچ مرتبہ بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے کھلاڑی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ وہ یورپی فٹ بال میں اپنے کریئر سے مطمئن ہیں۔
جہاں انہوں نے لاتعداد کامیابیاں حاصل کیں اور اب وہ ایک مختلف تجربے کے لیے تیار ہیں۔ ان کے خیال میں یورپ سے ایشیا آنے کا ان کا فیصلہ درست ہے۔کرسٹیانو رونالڈو فیلڈ پر تو اپنے کلب کی نمائندگی کریں گے ہی، 2030 کے فٹ بال ورلڈ کپ کو سعودی عرب لانے کی کوشش میں وہ سفیر کا کردار بھی ادا کریں گے۔النصر کلب میں ان کی شمولیت کے اعلان کے ساتھ ہی سعودی کلب کی قسمت چمک اٹھی۔
کرسٹیانو رونالڈو کی دولت اور سعودی فٹبال کلب کے فالوورز میں اضافہ
غیرملکی میڈیا کے مطابق النصر فٹ بال کلب کی جانب سے اس اعلان کے کچھ ہی دیر بعد اس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد بڑھ کر دگنی ہوگئی۔رپورٹس کے مطابق النصر فٹبال کلب کے انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد 8 لاکھ 60 ہزار تھی جو کہ کرسٹیانو رونالڈو کے آنے کے بعد 16 لاکھ سے بڑھ گئی ہے۔دوسری جانب سعودی فٹ بال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کو جو جرسی دی اس کی تصاویر سامنے آنے کے بعد مداحوں کی بڑی تعداد نے بھی یہی جرسی خریدنا شروع کردیں ہیں۔واضح رہے کہ آج سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر النصر فٹ بال کلب نے کرسٹیانو رونالڈو کو اپنے کلب میں پرجوش انداز میں خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کلب کی جرسی دینے کی تصاویر شیئر کی تھیں۔



