برازیلیا؍لندن 3 جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)عظیم فٹ بالر پیلے کی برازیل میں آخری رسومات کی ادائیگی کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کی تدفین سے قبل ہزاروں افراد نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔پیلے کی میت برازیل کے قومی پرچم میں لپیٹ کر ساؤپاؤلو شہر کے باہر قائم ویلا بیلمیرو اسٹیڈیم میں دیدار کے لیے رکھی گئی ہے۔یہ وہی اسٹیڈیم ہے جہاں سے پیلے نے اپنے کریئر کا آغاز کیا تھا۔منگل کو ان کی تدفین ایک قریبی قبرستان میں کرنے کی تیاریاں کی گئی ہیں جہاں مذہبی رسومات کے بعد انہیں دفنایا جائے گا۔ہزاروں افراد نے ویلابیلمیرو اسٹیڈیم میں پیلے کی میت کے قریب سے گزرتے ہوئے ان سے اپنی عقیدت کا اظہار کیا، ان افراد میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز، اسکولوں کے طلبہ اور دیگر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔
برازیل کے نو منتخب صدر لویز اناسیو لولا ڈیسلوا بھی پیلے کی آخری رسومات میں شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ پیلے 82 برس کی عمر میں جمعرات کو چل بسے تھے۔ وہ طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔پیلے کی میت برازیل کے قومی پرچم میں لپیٹ کر ساؤ پاؤلو شہر کے باہر قائم ویلا بیلمیرو اسٹیڈیم میں دیدار کے لیے رکھی گئی ہے۔خبر رساں ادارے کے مطابق ساؤ پاؤلو میں ان دنوں شدید گرمی پڑ رہی ہے اور لوگ پیلے کے آخری دیدار کے لیے تیز دھوپ میں اسٹیڈیم میں داخل ہونے کے لیے قطاروں میں کھڑے رہے۔کئی افراد کا کہنا تھا کہ وہ لگ بھگ تین گھنٹے تک قطار میں کھڑے رہنے کے بعد اسٹیڈیم میں داخل ہو سکے تاکہ اپنے ہیرو کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔پیلے نے اپنا آخری فٹ بال میچ 45 برس قبل کھیلا تھا لیکن اب بھی برازیل میں ان کی اہمیت اور حیثیت کسی کہانی کے مرکزی کردار کی طرح موجود ہے۔
پیلے نے اپنا آخری فٹ بال میچ 45 برس قبل کھیلا تھا لیکن اب بھی برازیل میں ان کی اہمیت اور حیثیت کسی کہانی کے مرکزی کردار کی طرح موجود ہے۔پیلے فٹ بال کی دنیا کے واحد کھلاڑی تھے جو تین بار ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کا حصہ رہے تھے۔ وہ 1958، 1962 اور 1970 میں ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم میں شامل تھے۔انہوں نے برازیل کی قومی ٹیم کی جانب سے 92 انٹرنیشنل میچز میں ٹیم کی نمائندگی کی جس میں ان کے 77 گول آج بھی برازیل کی جانب سے سب سے زیادہ انٹرنیشنل گول ہیں۔



