عمران ملک نے سری لنکا کیخلاف 155 کی رفتار سے بال پھینک کر بنایا ریکارڈ
اس برق رفتاری کے بعد عمران نے انڈیا کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین گیند پھینکنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
نئی دہلی ، 4جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)سری لنکا کیخلاف پہلے ٹی 20 میں انڈیا کے تیز گیند باز عمران ملک نے اپنی رفتار سے ہندوستانی مداحوں کے دل جیت لئے ۔ سری لنکن بلے باز ان کی گیندوں کے سامنے کھل کر نہ کھیل سکے،عمران ملک نے اس میچ میں 2بیش قیمتی وکٹ حاصل کی۔نیز اس برق رفتاری کے بعد عمران نے انڈیا کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ میں تیز ترین گیند پھینکنے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اس دوران انہوں نے ٹیم انڈیا کے سابق تیز گیند باز جواگل سری ناتھ کا تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ توڑا۔عمران ملک سری لنکا کی اننگز کا 17 واں اوور کروانے آئے، اوور کی چوتھی گیند پر داسن شناکا ان کے سامنے تھے۔ اس دوران عمران نے 155 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند شاناکا کی طرف پھینکی، جس پر سری لنکن کپتان چاروں خانے چت ہوگئے۔
وہ آف اسٹمپ کے باہر جانے والی اس گیند پر زور دار اسٹروک مارنا چاہتے تھے لیکن گیند ایکسٹرا کور کی طرف گئی جہاں یوزویندر چہل نے آسانی سے کیچ پکڑ لیا۔ اس تیز گیند کی وجہ سے عمران نے بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز گیند پھینکنے کا ٹیم انڈیا کے سابق بولر جواگل سری ناتھ کا ریکارڈ توڑ کر اپنا ایک خصوصی ریکارڈ بنایا۔خیال رہے کہ بین الاقوامی کرکٹ میں بھارت کی جانب سے تیز ترین گیند پھینکنے کا ریکارڈ جواگل سری ناتھ کے نام تھا۔ ویسے عمران ہندوستان کی جانب سے اب تک کسی بھی سطح کی کرکٹ میں سب سے تیز گیند باز رہے ہیں۔ آئی پی ایل 2022 میں انہوں نے 157 کلومیٹر کی رفتار سے گیند کی تھی۔ اس فہرست میں اب تک کے ٹاپ 5 ہندوستانی تیز گیند بازوں اسطرح ہے۔عمران ملک – 155 کلومیٹر فی گھنٹہ (آئی پی ایل 2022 میں 157 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند پھینکی گئی) جواگل سری ناتھ – 154.5 کلومیٹر فی گھنٹہ،عرفان پٹھان – 153.7 کلومیٹر فی گھنٹہ،محمد شامی – 153.3 کلومیٹر فی گھنٹہ، جسپریت بمراہ – 153.2 کلومیٹر فی گھنٹہ۔



