11 سالہ طالب علم کا معلمہ پر خنجر سے حملہ، معلمہ زخمی
11 سالہ طالب علم نے اپنی خاتون معلمہ پر اسکول کے احاطے میں خنجر سے حملہ کیا
الجزائر سٹی، 12جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) الجزائر کے ایک مڈل اسکول کے 11 سالہ طالب علم نے اپنی خاتون معلمہ پر اسکول کے احاطے میں خنجر سے حملہ کیا ہے۔جریدے ’سبق‘ کے مطابق معلمہ نے کلاس کے دوران طالب علم کو شور مچانے اور گڑ بڑ کرنے سے منع کیا تھا لیکن اس نے معلمہ کی بات پر کان نہیں دھرے۔پھر معلمہ نے طالب علم کو کلاس سے باہر جانے اور اپنے سرپرست کو اپنے ساتھ لانے کو کہا۔ لیکن طالب علم نے معلمہ کی کوئی بھی بات ماننے سے انکار کر دیا۔معلمہ نے اس کے بعد بھی اس طالب علم کو بار بار کلاس سے باہر جانے کو کہا۔اس کے بعد طالب علم نے اسکول کے احاطے میں گھات لگا کر اپنی استاد کی پیٹھ میں خنجر گھونپ دیا جس سے چند سینٹی میٹر گہرا گھاؤ پڑ گیا۔
معلمہ خنجر کے وار سے گر پڑیں اور پھر انہیں فوری طور پر ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ہسپتال میں ان کی کمر میں گھونپا گیا خنجر نکالنے کے بعد مسلسل رِسنے والا خون بند کیا گیا۔بعدازاں شہریوں نے خون عطیہ کرنے کی مہم بھی چلائی تاکہ معلمہ کی زندگی کو بچایا جا سکے۔دوسری جانب ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن نے معلمہ کی صحت کے بارے جاننے کے لیے اور حملہ آور طالب علم کے بارے میں فیصلہ کرنے کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی ہے۔



