اسپائس جیٹ کی پرواز میں بم کی افواہ، برٹش ایئرویز کا ٹرینی ایجنٹ گرفتار
ہندوستانی فضائی کمپنی اسپائس جیٹ کی پرواز میں بم کی افواہ اڑائی گئی،
نئی دہلی ، 13جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)ہندوستانی فضائی کمپنی اسپائس جیٹ کی پرواز میں بم کی افواہ اڑائی گئی، اس معاملے میں برٹش ایئرویز کے ٹرینی ٹکٹنگ ایجنٹ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس نے 12 جنوری بروز جمعرات یعنی کل گزشتہ اسپائس جیٹ کے کال سینٹر پر فون کرکے کہا کہ اسپائس جیٹ کی فلائٹ میں بم ہے۔اس معاملے پر اسپائس جیٹ کا بیان آیا ہے۔ اسپائس جیٹ کے ترجمان نے کہاکہ بم کال کی سیکیورٹی افسران نے اچھی طرح سے چھان بین کی، انہیں کچھ بھی مشتبہ نہیں ملا، بعد میں اس کال کو جعلی قرار دے دیا گیا۔دہلی پولیس نے کال کرنے والے کا سراغ لگانے کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی تھی۔ معاملہ کی تفصیلات دیتے ہوئے آئی جی آئی ایئرپورٹ کے ڈی سی پی روی کمار سنگھ نے کہا کہ برٹش ایئرویز کے ٹرینی ٹکٹ ایجنٹ ابھینو پرکاش کو کل دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ کے اسپائس جیٹ کال سینٹر میں جھوٹی بم کال کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔
ملزم ابھینو کی تصویر بھی سامنے آئی ہے۔ڈی سی پی کے مطابق ملزم ابھینو نے انکشاف کیا کہ اس کے دوست راکیش اور کنال منالی روڈ ٹرپ پر گئے تھے اور دو لڑکیوں سے دوستی کی تھی۔ وہ لڑکیاں سپائس جیٹ کی فلائٹ سے پونے جا رہی تھیں۔ ابھینو کے دوستوں نے ابھینو کو بتایا کہ اسے کسی طرح دہلی سے فلائٹ کی تاخیر کا منصوبہ بنانا چاہیے۔اس طرح تینوں نوجوانوں نے اسپائس جیٹ ایئر لائنز کے کال سینٹر میں بم کے بارے میں غلط معلومات دیں۔ اس سے ایئر لائنز کے اہلکاروں میں ہلچل مچ گئی، تاہم ابھینو پولیس کی حراست میں ہے، جبکہ کنال اور راکیش فرار ہیں۔



