خواتین پہلوانوں کا مبینہ جنسی استحصال: ملک کا نام روشن کرنے والی بیٹیاں جنتر منتر پر ،مگر پی ایم خاموش ہیں:کانگریس
کانگریس نے پریس کانفرنس کے ذریعے پہلوانوں کے مسئلہ کے حوالہ سے وزیر نریندر اعظم مودی کو ہدف تنقید بنایا
نئی دہلی ،20جنوری:(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ریسلنگ فیڈریشن کے صدر اور بی جے پی رکن پارلیمنٹ برج بھوشن سنگھ کو برطرف کئے جانے کے مطالبہ پر پہلوانوں کا احتجاج تیسرے دن بھی جاری رہا۔ پہلوانوں نے برج بھوشن پر جنسی استحصال کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ دریں اثنا کانگریس نے پریس کانفرنس کے ذریعے پہلوانوں کے مسئلہ کے حوالہ سے وزیر نریندر اعظم مودی کو ہدف تنقید بنایا۔پریس کانفرنس میں کانگریس لیڈر سپریہ شرینیت، مکا باز وجندر سنگھ اور ایتھلیٹ کرشنا پونیا نے شرکت کی۔ سپریہ شرینیت نے کہا کہ برج بھوشن شرن سنگھ نہیں، بلکہ وزیر اعظم خود آج کٹہرے میں ہیں۔ پھوگاٹ نے خود کہا ہے کہ انہوں نے اپنے والد کے ساتھ جا کر وزیر اعظم کو سب کچھ بتا دیا تھا، پھر بھی وزیر اعظم کچھ نہیں کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ٹینی (مرکزی وزیر) کا معاملہ ہو یا اب برج بھوشن کا معاملہ، وزیر اعظم پرسکون ہیں اور کچھ نہیں کرتے ہیں۔
سپریا شرینیت نے کہا کہ ونیش پھوگاٹ نے اکتوبر 2021 میں پی ایم مودی کو تمام حقیقت سے آگاہ کیا تھا اور اپنی جان کو خطرہ ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھا۔ آج سوال یہ ہے کہ مودی جی نے سب کچھ جانتے ہوئے بھی کیا کیا؟خاموش کیوں رہے؟ انہو ں نے کیا کارروائی کی ہے؟ 72 گھنٹے سے زیادہ ہو گئے آج تک ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ملک کا نام روشن کرنے والی بیٹیاں جنتر منتر پر رو رہی ہوں،اور حکومت کی خاموشی کئی سوال کھڑے کرتی ہے۔ یہ کھلاڑی اپنے درد اور ہراسانی کو بیان کرنے اور سوال اٹھانے پر مجبور ہیں۔خیال رہے کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے صدر اور بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن شرن سنگھ کے خلاف پہلوان تین دن سے احتجاج کر رہے ہیں۔
بدھ اور جمعرات کے بعد جمعہ کو بھی ملک کے مشہور پہلوانوں نے برج بھوشن شرن سنگھ کیخلاف جنتر منتر پہنچ کر دھرنا دیا۔ ریسلنگ فیڈریشن کے صدر کو کھلاڑیوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے اور ذہنی تناؤ پیدا کرنے کے سنگین الزامات کا سامنا ہے۔ کچھ سینئر کوچز کو بھی ان الزامات کا سامنا ہے۔خاتون پہلوان ونیش پھوگاٹ نے کہا تھا کہ ان کے پاس 10-12 کھلاڑیوں کے نام ہیں جن کا جنسی استحصال ہوا ہے۔ ونیش پھوگاٹ نے کہا کہ وہ عدالت یا وزیر اعظم کے سامنے ان کے نام بتائیں گی۔ انشو ملک نے بھی برج بھوشن سنگھ پر الزام عائد کیا ہے۔



