ریٹائرمنٹ کے لیے تین سال باقی رہنے والوں کو تبادلوں سے استثنیٰ دینے کا امکان ، وزیر تعلیم کی ہدایت
ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کا عمل 27 جنوری سے شروع ہوگا
حیدرآباد :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز) ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے 27 جنوری سے ٹیچرس کے تبادلوں اور ترقیوں کا عمل شروع کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔ وزیر نے جمعہ کو محکمہ تعلیم کے اعلیٰ عہدیداروں کا اجلاس طلب کیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی جانب سے ٹیچرس کے تبادلے اور ترقی کے عمل کو شروع کرنے کی ہدایت دینے کا سنجیدگی سے جائزہ لیا گیا جس کے بعد سبیتا اندرا ریڈی نے 27 جنوری سے اس عمل کو شروع کرنے اور شفاف طریقہ کار اپنانے کی عہدیداروں کو ہدایت دی ۔
اس اجلاس میں سکریٹری محکمہ تعلیم وی کرونا اور ڈائرکٹر دیواسینا کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے شرکت کی ۔ تبادلوں اور ترقیوں کا عمل فوری شروع کرنے اور مکمل تفصیلات پر مشتمل شیڈول جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ پہلے گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹرس کے تبادلے کیے جائیں گے ۔ اس کے بعد ہیڈ ماسٹرس اور اسکول اسسٹنٹس کو ترقی دیتے ہوئے تبادلے کیے جائیں گے ۔ پھر سیکنڈری گریڈ ٹیچرس ( ایس جی ٹی ) کو اسکول اسسٹنٹس کے مخلوعہ جائیدادوں پر ترقی دیتے ہوئے تبادلے کیے جائیں گے ۔
ریاست میں جولائی 2015 میں ترقی و تبادلے کیے گئے تھے ۔ سال 2018 میں تبادلے کئے گئے ۔ سوائے چند ایک تبدیلیوں کے ماضی کے رہنمایانہ خطوط پر عمل آوری کی جائے گی ۔ وظیفہ حسن پر سبکدوش ہونے والوں کے لیے جن کی خدمات صرف تین سال باقی ہے ۔ حکومت نے ایسے ٹیچرس و ہیڈ ماسٹرس کا تبادلہ نہ کرنے پر غور کررہی ہے ۔ ماضی میں ریٹائرمنٹ کیلئے 2 سال باقی رہنے والوں کو تبادلوں سے استثنیٰ دیا گیا تھا ۔ ریٹائرمنٹ کی حد عمر کو 58 سال سے بڑھا کر 61 سال کردینے پر اس مرتبہ ریٹائرمنٹ کی عمر تین سال باقی رکھنے والوں کو تبادلوں سے استثنیٰ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ ابھی تک تبادلے ویب کونسلنگ کے تحت اور ترقیاں آن لائن میں دی گئی اس مرتبہ ترقیوں کو ویب کونسلنگ کے ذریعہ دینے کا جائزہ لیا جارہا ہے ۔



