پرنس ہیری کی سوانح حیات اسپئیر کی 32 لاکھ کاپیاں پہلے ہفتے میں فروخت
اس کتاب کے سر ورق پر ، ہیری کے چہرے کا سنجیدہ کلوز اپ دکھایا گیا ہے
لندن ،21جنوری :(اردودنیا.اِن/ایجنسیز)برطانوی شاہی فرائض سے دستبردار ہو کر امریکہ سکونت اختیار کرنے والے شہزادہ ہیری کی کتاب اسپئیرکی 32 لاکھ کاپیاں اپنی اشاعت کے پہلے ہفتے میں فروخت ہو چکی ہیں اور امکان ہے کہ وہ اب تک کی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی خود نوشت سوانح حیات کی کتابوں میں شامل ہو جائے گی۔برطانوی پبلشر پینگوئن رینڈم ہاؤس نے جمعرات کو اعلان کیا تھا کہ پرنس ہیری کی شہ سرخیاں بنانے والی کتاب کی سولہ لاکھ کاپیاں صرف امریکہ میں فروخت ہو چکی ہیں۔ اس تعداد کا موازنہ بلاک بسٹرز کے لیے پہلے ہفتے میں فروخت ہونے والی خود نوشت سوانح عمری کی کتابوں کی تعداد سے کیا جاسکتا ہے۔
مثال کے طور پر سابق صدر براک اوباما کی کتاب، اے پرامسڈ لینڈ اور سابق خاتون اول مشیل اوباما کی کتاب ، بی کمنگ، جس کی 2018 میں اشاعت کے بعد سے اب تل ایک کروڑ 70 لاکھ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔رینڈم ہاؤس نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ برطانیہ میں اسپیئر کی اشاعت کے پہلے روز تمام اقسام، یعنی ہارڈ بیک ، ای بک اور آڈیو کی چار لاکھ کاپیاں فروخت ہوئیں۔اسپئیر کی فروخت کی اعلان کی گئی تعداد ان کاپیوں پر مشتمل ہے جو انگریزی زبان کی بڑی بڑی مارکیٹس، امریکہ ، برطانیہ ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں پرنٹ، آڈیو اور ڈیجیٹل ایڈیشنز میں فروخت ہوئیں۔یہ کتاب انگریزی کے علاوہ 15 دوسری زبانوں میں بھی شائع ہوئی ہے اور توقع ہے کہ اس کے ایڈیشنز دس مزید زبانوں میں شائع ہوں گے۔416صفحات پر مشتمل اس کتاب کے سر ورق پر ، ہیری کے چہرے کا سنجیدہ کلوز اپ دکھایا گیا ہے۔
کتاب کاٹائٹل اسپئیر یعنی فالتو بظاہر شاہی بہن بھائیوں کے لیے استعمال ہونے والی اصطلاح ، دی ہئیر اینڈ دی اسپیئر ، یعنی شاہی جانشین اور بہن بھائی سے منسلک دکھائی دیتا ہے۔ ہیری کے بھائی ولیم اب پرنس آف ویلز اور برطانوی تخت کے وارث ہیں۔پیدائش کے وقت ہیری جانشینی کی صف میں ولیم کے بعد تھے،لیکن اب وہ اور پیچھے چلے گئے ہیں۔
ان کے والدشاہ چارلس نے ملکہ الزبتھ دوم کے انتقال کے بعد تخت سنبھالا ہے۔گزشتہ سال جب سے پرنس ہیری کی یادداشت یا خود نوشت سوانح عمری کے بارے میں اعلان سامنے آیا تھا ،پوری دنیا میں بڑی بے چینی سے اس کی اشاعت انتظارکیا جارہا تھا۔ڈیوک آف سسیکس ہیری اور ڈچس آف سسیکس ، میگن نے اس وقت دنیا کو ایک بڑی خبر دے کر دھماکہ کر دیا تھا جب اوپراونفری کے ساتھ مارچ 2021 میں ایک انٹرویو میں انہوں اپنی نجی زندگی کے بارے میں بات کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔
اسپیئر ، نان فکشن کے لیے ریکارڈ بنا سکتی ہے لیکن یادداشت پر مبنی کوئی کتاب ہیری پوٹر کے آخری ناول ، ہیری پوٹر اینڈ ڈیتھلی ہالوز ،کی رفتار کا مقابلہ نہیں کر سکتی جس کی 2007 میں اپنی اشاعت کے پہلے 24 گھنٹوں میں ایک کروڑ سے زیادہ کاپیاں فروخت ہوئی تھیں۔پینگوئن رینڈم ہاؤس کے سی ای او، مارکس ڈوہلے نے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ اس کتاب میں ہیری نے اپنے ذاتی صدمے سے بحالی کی کہانی بیان کی ہے اور محبت کی جس طاقت کی وہ بات کرتے ہیں وہ دنیا بھر میں لاکھوں لوگوں کو متاثرکر ے گی اور حوصلہ دے گی۔



